اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے وزیرمذہبی امور سے حج کوٹہ مانگ لیا۔
شگفتہ جمانی کی زیرصدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امورکا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں قائمہ کمیٹی نے وزیرمذہبی امور سے حج کوٹہ مانگ لیا۔ چیئرپرسن شگفتہ جمانی کا کہنا تھا کہ ہر ممبر پارلیمنٹ کو 10 افرادکے لیے حج کوٹہ دیاجائے، ہر ممبر 10 نام لیٹر ہیڈ پر وزارت کوبھجوائے۔
شگفتہ جمانی کا کہنا تھا کہ ہرکمیٹی ممبرکو لوگوں کو حج پربھجوانےکی اجازت ہونی چاہیے، اس طرح ممبرخوش ہوجائیں گے اور ہمیں ثواب بھی ملےگا، اسے حج کوٹہ کا نام نہ دیا جائے۔
وزیر مذہبی امور سردار یوسف نےکہا کہ ہم اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے حج کے لیے تجویز ناموں کو قبول کرتے ہیں، وزیرمملکت کی جانب سے بھی جو نام بھجوائے وہ شامل کیےگئے۔
شگفتہ جمانی کا کہنا تھا کہ اب حج کے لیے ہرممبرپارلیمنٹ کو 10 نام بھجوانےکی اجازت دی جائے۔
روضہ رسول ﷺ پر حاضری کیلئے پارلیمانی وفد سرکاری خرچ پر بھجوانے کی سفارش
اس کے علاوہ قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امو نے تجویز دی کہ روضہ رسول ﷺ پر حاضری کےلیے پارلیمانی وفد سرکاری خرچ پر بھجوایا جائے، پارلیمانی وفد پاکستانی عوام کی طرف سے روضہ رسولﷺ پر سلام عرض کرےگا۔
کمیٹی کے مطابق وفد پہلے بھی پاکستانی عوام کی طرف سے سلام عرض کرنے روضہ رسولﷺ جا چکا ہے، اب پارلیمانی وفد ہر سال مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ جائے گا، وفد میں شامل ارکان کے اہلخانہ بھی ہمراہ جاسکیں گے، عوام کی طرف سے وفد عمرہ ادا کرے گا، اسپیکر کی عدم موجودگی میں چیئرمین قائمہ کمیٹی وفد کی سربراہی کریں۔
چیئرپرسن کمیٹی شگفتہ جمانی کا کہنا تھا کہ اسپیکر پندرہ، پندرہ لوگوں کے وفود لےکر جاتے ہیں، اس پارلیمانی وفدکے اخراجات قومی اسمبلی اٹھائے، خود تو کبھی بھی جاسکتے ہیں۔ کمیٹی ارکان نے حمایت کی کہ ہم چاہتے ہیں کہ قومی اسمبلی یہ خرچ اٹھائے۔
کمیٹی نے سفارش کی کہ پاکستان ہاؤس کی سعودی عرب میں تعمیر تک وفد کو سرکاری خرچ پر ہوٹل میں ٹھہرایا جائے، وفد کو قومی اسمبلی کی چھتری تلے لانا چاہتے ہیں۔ رشتہ داروں کو سرکاری وفد میں لے جانے پر خود اخراجات ادا کرنے ہوں گے۔

























Leave a Reply