ٹرمپ کا ایران سے تجارت کرنیوالے ممالک پر اضافی ٹیرف کا اعلان، کون سے ممالک متاثر ہونگے؟


ٹرمپ کا ایران سے تجارت کرنیوالے ممالک پر اضافی ٹیرف کا اعلان، کون سے ممالک متاثر ہونگے؟

قدر کے لحاظ سے تیل ایران کی سب سے بڑی برآمدی شے ہے جب کہ بڑی درآمدات میں درمیانی درجے کی اشیا، سبزیاں، مشینری اور آلات شامل ہیں/ فائل فوٹو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جو بھی ملک ایران کے ساتھ تجارت کرے گا اسے امریکا کے ساتھ تجارت پر 25 فیصد ٹیرف (محصولات) کا سامنا کرنا پڑے گا۔

امریکی صدر کی جانب سے یہ اعلان اس وقت کیا گیا ہے جب ایران میں حکومت مخالف مظاہرین سڑکوں پر ہیں اور تہران کا الزام ہے کہ مظاہرین کو مغرب اور امریکا کی حمایت حاصل ہے۔

ورلڈ بینک کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق اوپیک (OPEC) کے رکن ملک ایران نے 2022 میں 147 تجارتی شراکت داروں کو مصنوعات برآمد کیں، اس کے بڑے تجارتی شراکت داروں میں چین، مشرقی ایشیا کے دیگر ممالک، عراق، متحدہ عرب امارات، ترکیہ اور جرمنی شامل ہیں۔

قدر کے لحاظ سے تیل ایران کی سب سے بڑی برآمدی شے ہے جب کہ بڑی درآمدات میں درمیانی درجے کی اشیا، سبزیاں، مشینری اور آلات شامل ہیں۔

چین

چین ایران کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، ورلڈ بینک کے مطابق 2022 میں چین کو ایرانی برآمدات 22 ارب ڈالر تھیں جن میں ایندھن کا حصہ نصف سے زیادہ تھا، چین سے ہونے والی درآمدات 15 ارب ڈالر رہیں۔

تجزیاتی فرم ‘کپلر’ (Kpler) کے ڈیٹا کے مطابق 2025 میں چین نے ایران کے بحری جہازوں کے ذریعے بھیجے گئے تیل کا 80 فیصد سے زیادہ حصہ خریدا۔ 

یاد رہے کہ امریکی پابندیوں کی وجہ سے ایرانی تیل کے خریداروں کی تعداد محدود ہے۔

بھارت

بھارت کی وزارت تجارت کے مطابق 2025 کے پہلے 10 مہینوں میں ایران کے ساتھ بھارت کی کل دو طرفہ تجارت 1.34 ارب ڈالر رہی، ایران کو بھارت کی بڑی برآمدات میں باسمتی چاول، پھل، سبزیاں، ادویات اور دیگر فارماسیوٹیکل مصنوعات شامل ہیں۔

ترکیہ

ورلڈ بینک کے مطابق 2022 میں ترکیہ کو ایران کی برآمدات 5.8 ارب ڈالر رہیں جب کہ درآمدات 6.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔

جرمنی

2022 میں جرمنی کو ایران کی برآمدات 178 ملین ڈالر تھیں جب کہ درآمدات مجموعی طور پر 1.9 ارب ڈالر رہیں۔

جنوبی کوریا

کوریا انٹرنیشنل ٹریڈ ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق جنوری اور نومبر 2025 کے درمیان ایران کو جنوبی کوریا کی برآمدات معمولی یعنی 129 ملین ڈالر رہیں جب کہ اسی مدت کے دوران درآمدات 1.6 ملین ڈالر تھیں۔

جاپان

جاپان کے نومبر 2025 تک کے تازہ ترین تجارتی اعداد و شمار کے مطابق جاپان نے ایران سے معمولی مقدار میں پھل، سبزیاں اور ٹیکسٹائل درآمد کیا اور وہاں کچھ مشینری اور گاڑیوں کے انجن برآمد کیے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *