پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا لیگل نوٹس پھاڑ دیا۔
علی ترین نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل منیجمنٹ نے انہیں ایک لیگل نوٹس بھیجا اور اس لیگل نوٹس میں تنقیدی بیانات واپس لینے اور معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا، فربچائز معاہدہ ختم کرنے اور بلیک لسٹ کرنے کی دھمکی بھی دی گئی۔
علی ترین نے کہا کہ وہ لیگل نوٹس میں دی گئی دھمکیوں پر خاموش نہیں رہیں گے۔ اگر آپ کو لگتا ہے کہ میں دھمکیوں سے چپ ہوجاؤں گا تو یہ آپکی غلط فہمی ہے۔
علی ترین کا ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ پی ایس ایل سے محبت ہے اور یہ لیگ پورے پاکستان کی ہے، مسائل کے حل کے لیے بیٹھنےکو تیار ہوں لیکن آج تک رابطہ نہیں کیا گیا۔ میرے مسائل جاننے کے لیے کسی نے ایک کال یا ای میل نہیں کی۔
علی ترین نے ویڈیو پیغام میں ذو معنی انداز میں معافی بھی مانگی، انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل منیجمنٹ میں قابل لوگوں کی شمولیت کا مطالبہ کرنے پر مانگی مانگتا ہوں، ڈرافٹ، ٹریننگ کی سہولیات اور افتتاحی تقریب پر تنقید پر بھی معافی مانگتا ہوں۔
یاد رہےکہ پی سی بی نے معاہدے کی خلاف ورزی اور پی ایس ایل کی شہرت کو نقصان پہنچانے کی مہم چلانے پر فرنچائز ملتان سلطانز کو نوٹس جاری کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق فرنچائز کو 10 سالہ معاہدے کی شقوں کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کیا گیا۔ فرنچائز نے نوٹس کا تسلی بخش جواب نہ دیا تو معاہدے کی منسوخی اور فرنچائز مالکان کو بلیک لسٹ ہونے کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فرنچائز نے پی ایس ایل 10 سے قبل ہی مہم چلانا شروع کر دی تھی، فرنچائز مالک نے سوشل میڈیا انٹرویوز اور پوڈ کاسٹس میں لیگ کی شہرت کو نقصان پہنچانے کی مہم چلائی۔
ذرائع کے مطابق مہم چلانے کا مقصد لیگ کو ویلو ایشن سے قبل ڈی ویلیو کرنا تھا جس کا مقصد اگلے 10 برس کے لیے ویلیو ایشن کو کم کرنا تھا۔






















Leave a Reply