پنجاب کے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ تیز، گنڈا سنگھ والا پر اونچے درجے کا سیلاب، ملحقہ دیہات خالی کرانے کیلئے اعلانات


ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہونے سے ندی نالے بپھر گئے جبکہ نشیبی علاقوں اور آبادیوں میں پانی داخل سیلاب متاثرین کی مشکلات مزید بڑھ گئیں۔

دریائے ستلج میں گنڈاسنگھ والا کےمقام پر انتہائی اونچےدرجے کا سیلاب برقرار ہے جس کے باعث تلوارپوسٹ سے ملحقہ دیہات خالی کرانے کے لیے اعلانات کیے گئے۔

چنیوٹ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 2 گھنٹوں سے زائد وقت سے ملسل بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ شیخوپورہ اور گرد و نواح میں تیز بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔

جہلم شہر اور گرد و نواح میں بارش سے ندی نالے بپھر گئے اور نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے، ندی نالوں کا پانی آبادیوں میں داخل ہو گیا۔

مسلسل بارش کے باعث ریسکیو ٹیموں کو امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو آپریشن کیا گیا، 800 سے زائد کشتیوں اور ہزاروں ریکسیو ورکرز نے آپریشن میں حصہ لیا، پاکستان آرمی نے بھی پنجاب میں لوگوں کو ریسکیو کرنے میں مثالی تعاون کیا۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے تینوں دریاؤں میں پانی کا بہاؤ بہت زیادہ ہے، جہاں پر آبادی کو بچانے کی ضرورت پڑی وہاں شگاف ڈالے جائیں گے۔

باغ آزاد کشمیر میں موسلا دھار بارش سے نالہ ماہل میں طغیانی آ گئی، نالے کے کنارے آباد بستی خالی کروالی گئی۔

ادھر محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ آج اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر کے بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ شام یا رات کو سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں بھی کہیں کہیں بارش کی توقع ہے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *