
نوشہرو فیروز میں مبینہ زیادتی کا شکار ہو کر پر اسرار طور پر انتقال کرنے والی لڑکی کی موت کے معاملے پر سول اسپتال کنڈیارو کے میڈیکل سپرینٹنڈنٹ کا اہم بیان سامنے آیا ہے۔
میڈیکل سپرینٹنڈنٹ کنڈیارو سول اسپتال ڈاکٹر رفیق کا کہنا ہے کہ کل صبح متاثر ہ لڑکی بیہوشی کی حالت میں اسپتال لائی گئی تھی، لڑکی کے رشتے داروں نے بتایا کہ لڑکی نے زہریلی گوریاں کھائی ہیں۔
ڈاکٹر رفیق نے بتایا کہ لڑکی کی طبیعت بہتر ہونے پر اسے گھمبٹ اسپتال ریفر کیا، گزشتہ رات لڑکی کو دوبارہ اسپتال لایا گیا تو وہ فوت ہو چکی تھی۔
ایم ایس سول اسپتال کنڈیارو نے بتایا کہ محبت ڈیرو پولیس نے متاثرہ لڑکی کے پوسٹ مارٹم کے لیے لیٹر دیا، لڑکی کی لاش سے نمونے لیب بھیجے ہیں، کنڈیارو اسپتال کی لیڈی ڈاکٹر ابتدائی رپورٹ کل صبح تک جاری کریں گی۔
دوسری جانب ایس پی نوشہرو فیروز روحیل کھوسو نے واقعےکا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی، ایس ایچ او کنڈیارو اور ڈی ایس پی محراب پور پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی ہے، کمیٹی 2 دن میں واقعے کی رپورٹ پیش کرے گی۔
پولیس ترجمان کا اس حوالے سے بتانا ہے کہ 2 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آنے کے بعد مزید کارروائی ہو گی۔
خیال رہے کہ نوشہرو فیروز کے علاقے محبت ڈیرو میں مبینہ طور پر زیادتی کا شکار لڑکی کو فیصلے کے لیے وڈیرے کے گھر لیکر جایا گیا تھا جہاں لڑکی کو امانتاً ایک ہفتے تک وڈیرے کے گھر رکھا گیا، بعد ازاں اس کی موت واقع ہو گئی۔
اس حوالے سے لڑکی نانی نے الزام عائد کیا کہ مسلح افراد نواسی کو وڈیرے کے گھر سے اغوا کر کے لیکر گئے اور پھر اسے زہر دیکر مار دیا جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر لڑکی موت نیند کی زیادہ گولیاں کھانے سے ہوئی۔
Leave a Reply