
اسلام آباد: خیبرپختونخوا (کے پی) کے سینیٹ الیکشن میں امیدواروں کی فہرست بانی پی ٹی آئی عمران خان سے چھپانےکا الزام سامنے آگیا۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں پارٹی قیادت پر سینیٹ امیدواروں کی فہرست میں ردوبدل کا بھی الزام عائد کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کے پی قیادت نے 15 جولائی کو سینیٹ امیدواروں کی فہرست بانی پی ٹی آئی کو بھجوائی لیکن بیرسٹرگوہر، بیرسٹر سیف اورپارٹی قیادت نےکے پی قیادت کی فہرست بانی تک نہ پہنچائی۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے پی نوٹیفکیشن کے مطابق 7 ناموں کی فہرست بانی پی ٹی آئی کو بھجوائی گئی۔ جنرل سیکرٹری کے پی علی اصغر خان نے فہرست مرکزی قیادت تک پہنچائی تھی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق کے پی قیادت کی جانب سے دی گئی فہرست میں مرزا آفریدی کا نام شامل نہیں تھا۔7 ناموں میں مراد سعید، عرفان سلیم ، فیصل جاوید اور خرم ذیشان شامل تھے۔
صوبائی تنظیم کی جانب سے دی گئی فہرست میں اظہرمشوانی کا نام شامل کیا گیا تھا۔ صوبائی قیادت کی فہرست میں ٹیکنوکریٹ سیٹ پر نور الحق قادری اور اعظم سواتی کا نام شامل تھا۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق پارٹی تنظیم کی فہرست کی جگہ نئے ناموں پر بیرسٹر سیف نے مشاورت کی۔
جنرل سیکرٹری کے پی علی اصغر خان کا کہنا ہےکہ صوبائی تنظیم کی جانب سے ایک فہرست مرتب کی گئی تھی، ہمیں توقع تھی ہماری فہرست بانی پی ٹی آئی تک پہنچائی جائےگی، ہماری فہرست نہ پہنچی لیکن تنظیم کی خواہش تھی کہ پارلیمانی بورڈ بنائیں، بطور صوبائی قیادت ہم نے ضلعی و صوبائی تنظیم سے مشاورت کے بعد چند نام دیے تھے۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی کا کہنا ہےکہ میں نے نہ ہی نام تبدیل کیے نہ ہی اس فہرست کو چھپایا، جب کہ بیرسٹر سیف سے موقف لینے کے لیے رابطہ کیا گیا تاہم جواب نہیں دیا گیا۔
خیال رہے کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں سینیٹ الیکشن کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا۔
خیبر پختونخوا میں سینیٹ کی 11 نشستوں پر ووٹ ڈالےگئے، پی ٹی آئی کے ناراض امیدوار خرم ذیشان نے انتخاب میں حصہ لیا، چار دیگر ناراض امیدوار بیٹھ گئے۔
جنرل نشست پر ایک سینیٹر منتخب کرنے کے لیے 19 ووٹ درکار تھے، اسمبلی میں حکومتی اراکین کی تعداد 92 اور اپوزیشن کی 53 ہے۔
Leave a Reply