وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا مخصوص نشستوں کی حلف برداری کیخلاف ہائیکورٹ جانے کا اعلان


وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا مخصوص نشستوں کی حلف برداری کیخلاف ہائیکورٹ جانے کا اعلان

مخصوص نشستوں پر گورنر ہاؤس میں حلف آئین کی خلاف ورزی ہے، حلف صرف اسمبلی فلور پر ہوسکتا ہے: علی امین گنڈاپور— فوٹو:فائل

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے مخصوص نشستوں کی حلف برداری کے خلاف پٹیشن دائر کرنے کا اعلان کردیا۔

جیو نیوز کو بھیجے گئے بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ مخصوص نشستوں پر گورنر ہاؤس میں حلف آئین کی خلاف ورزی ہے، آئین کا آرٹیکل 65 واضح ہے، حلف صرف اسمبلی فلور پر ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسپیکر نے حلف لینے سے انکار نہیں کیا، کورم مکمل نہ ہونے پر اجلاس ملتوی ہوا، اسمبلی اجلاس 24 جولائی کو طلب کیا گیا ہے۔ 

ان کا کہنا تھاکہ گورنر ہاؤس میں حلف لینا غیر آئینی عمل ہے، آرٹیکل 255(2) صرف (ناقابلِ عمل/ناممکن) صورتحال پر لاگو ہوتا ہے، وزیراعلیٰ، اسپیکر صوبائی اسمبلی انکار کرے تو چیف جسٹس کسی کو نامزد کرسکتا ہے، ہم نے اپنی آئینی ذمہ داری پوری کی ہے۔ 

وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ گورنر ہاؤس میں مخصوص نشستوں پر حلف کا عمل چیلنج کررہے ہیں، رٹ پٹیشن مکمل کر لی، آج چھٹی کے باعث ہائیکورٹ نے وصول نہیں کی، کل ہائیکورٹ میں درخواست دائر کریں گے۔ 

خیال رہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں آج مخصوص نشستوں پر کامیاب 25 ارکان حلف نہیں اٹھاسکے تھے، اجلاس شروع ہوتے ہی کورم کی نشاندہی کی گئی تھی جس پر اسپیکر بابر سلیم سواتی نے اجلاس 24 جولائی دوپہر دو بجے تک ملتوی کردیا۔

اس معاملے پر اپوزیشن جماعتیں پشاور ہائی کورٹ پہنچیں اور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے حلف برداری کیلئے گورنر کو نامزد کیا۔

تاہم اب مخصوص نشستوں پر کامیاب ارکان اسمبلی نے حلف اٹھالیا۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ارکان اسمبلی سے حلف لیا۔ تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس میں ہوئی۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *