پی ٹی آئی کے ناراض رہنماؤں نے سینیٹ الیکشن سے دستبردار نہ ہونےکا اعلان کردیا


 

پی ٹی آئی کے ناراض رہنماؤں نے سینیٹ الیکشن سے دستبردار نہ ہونےکا اعلان کردیا

فوٹو: اسکرین شاٹ

پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ناراض  رہنماؤں نے  سینیٹ الیکشن سے دستبردار نہ ہونےکا اعلان کردیا۔

پی ٹی آئی کے ناراض رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں عرفان سلیم، خرم ذیشان اور عائشہ بانو شریک ہوئیں۔

پی ٹی آئی رہنما خرم ذیشان نے بتایا کہ  اجلاس میں شریک رہنماؤں نے سینیٹ انتخابات  سے دستبردار نہ ہونےکا فیصلہ کیا ہے، ‏بات سینیٹ الیکشن سے بہت آگے نکل چکی ہے، ‏ان سیاسی پارٹیوں سے اندرونی ساز باز کیا  ہمارے لیڈرکا نظریہ ہوسکتا ہے؟

خرم ذیشان کا کہنا تھا کہ  میرا سینیٹ انتخابات  سے دستبردار  ہونے سے انکار ہے، جھکنے سے انکار  ہے، مصلحتوں سے انکار ہے، بھاڑ میں جائے سیاست اور نشستیں، ہم اصول پرکھڑے ہیں اور  رہیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما  عرفان سلیم نے شعر پڑھا کہ ‘ سرفروشی کی تمنا اب ہمارے دل میں ہے، دیکھنا ہے زور کتنا بازوئے قاتل میں ہے’۔

عرفان سلیم کا مزید کہنا تھا کہ ہم لڑیں گے اور اس نظام کا حصہ نہیں بنیں گے۔

 حکومت اور اپوزیشن مل کر الیکشن لڑیں گے، طلحہ محمود

دوسری جانب  پیپلز پارٹی کے سینیٹ کے لیے نامزد امیدوار طلحہ محمود نے جیونیوز سے بات چیت میں کہا کہ  پی ٹی آئی کے ناراض امیدوار  دستبردار نہیں بھی ہوئے تو  حکومت  اور  اپوزیشن مل کر  الیکشن لڑیں گے، حکومت اور اپوزیشن کے اجلاس میں مل کر انتخابات لڑنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

طلحہ محمود کا کہنا تھا کہ حکومت کے حصے میں 6 اور اپوزیشن کے حصے میں 5 نشستیں آئیں گی، حکومت نے یقین دہانی کرائی ہےکہ معاہدے  پر عمل درآمدکیا جائےگا، اپوزیشن بھی معاہدے پر عمل درآمد کرےگی،  پی ٹی آئی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والے ناراض امیدواروں کے خلاف کاروائی کرےگی۔

چیئرمین پی ٹی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہےکہ سیاسی کمیٹی نے فیصلہ کیا ہےکہ جن امیدواروں کو بانی پی ٹی آئی نے نامزد نہیں کیا وہ کاغذات واپس لیں، سیاسی کمیٹی کے فیصلے پر عمل درآمد نہ ہونےکی صورت میں کارروائی ہوگی۔

ادھر ذرائع کا کہنا ہےکہ پی ٹی آئی نے ناراض امیدواروں کو اتوار سے پہلےکاغذات نامزدگی واپس لینےکی ہدایت کی ہے، اگر پی ٹی آئی کے ناراض امیدوار دستبردار نہ ہوئے تو ان کے خلاف کارروائی کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے ناراض امیدواروں کے دستبردار نہ ہونےکی صورت میں اپوزیشن سے مقابلہ کرنےکا فیصلہ کیا ہے،  اپوزیشن سے مقابلے کی صورت میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان 6، 5 سیٹوں کا معاہدہ ختم ہوجائےگا۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *