9 مئی کیس میں رہنماؤں کا سزائیں، تحریک انصاف کا ردعمل سامنے آگیا


9 مئی کیس میں رہنماؤں کا سزائیں، تحریک انصاف کا ردعمل سامنے آگیا

فوٹو: فائل

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا  9 مئی کیس میں عدالت کی جانب سے تحریک انصاف کے رہنماؤں کو سزا پر ردعمل سامنے آگیا۔

منگل کو لاہور کی  انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ شیر پاؤ پل کیس میں تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کو بری کردیا جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید سمیت دیگر ملزمان کو 10،10 سال قید کی سزا سنادی ۔

اس کے علاوہ حمزہ عظیم پاہٹ،رانا تنویر،اعزاز رفیق کو مقدمہ سے بری کردیا گیا۔

اس سے قبل منگل کو پی ٹی آئی رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد بچھر کو 9 مئی کیس میں 10 سال قید کی سزا سنادی گئی۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے  9 مئی کیس میں عدالت کی جانب سے تحریک انصاف کے رہنماؤں کو سزا پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عوام کا عدالتوں پر سے اعتماد اٹھ گیا ہے، آج کے فیصلوں سے ظاہر ہو رہا ہے کہ عدالتیں ناکام ہوگئی ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آج متنازع فیصلوں میں ایک نئے فیصلے کا اضافہ ہوا ہے، بانی پی ٹی آئی اور ساتھیوں نے کہا تھا کہ شفاف ٹرائل کا حق دیا جائے، آئین و قانون کا تقاضا یہی ہے کہ ایک کیس میں مختلف جگہوں پر ٹرائل نہیں ہوسکتا۔

اس کے علاوہ پی ٹی آئی کے رہنما سلمان اکرم راجا نے کہا کہ آج ہمارے اکابرین کو نہیں، جمہوریت کو سزا ہوئی ہے، پنجاب میں 9 مئی مقدمات میں کئی جگہوں پر ایک فرد ہی الزام لگا رہا ہے، ایک ملازم کہتا ہے میں زمان پارک گیا اور میز کے نیچے چھپ کر سازش کو سنا، دوسرا ملازم کہتا ہے وہ گھر میں گھسا اور کرسی کے پیچھےچھپ کر 9 مئی سازش کو سنا۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ  یہ پی ٹی آئی کا نہیں پاکستانی قوم کے ہر فرد کا معاملہ ہے، یہ سیاسی معاملہ نہیں رہا پاکستان کے مستقبل کا معاملہ ہے، آپ کیخلاف کوئی گواہ پیش کردیاجائےگا کہ کرسی کے نیچے کوئی چھپا تھا اس نے سب سنا۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *