گوگل نے اپنی مقبول ترین نیوی گیشن سروس میپس کو ایک طاقتور آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) فیچر سے لیس کیا ہے۔
بنیادی طور پر جیمنائی پر مبنی یہ اے آئی فیچر نومبر 2025 میں متعارف کرایا گیا تھا تاکہ صارفین ڈیوائس کو ہاتھ لگائے بغیر ڈرائیونگ کرتے ہوئے نیوی گیشن کرسکیں۔
ابھی تک یہ فیچر گاڑی ڈرائیو کرتے ہوئے صارفین کی مدد کرتا تھا مگر اب اسے مختلف انداز سے بھی استعمال کیا جاسکے گا۔
جیمنائی فار میپس اب پیدل چلنے والوں اور سائیکل چلانے والوں کے لیے بھی متعارف کرایا گیا ہے۔
اس طرح باتیں کرنے والا یہ نیوی گیشن اسسٹنٹ ہر طرح کے حالات میں صارفین کے لیے کارآمد ثابت ہوسکے گا۔
گوگل کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں اعلان کیا گیا کہ یہ فیچر دنیا بھر میں متعارف کرایا جا رہا ہے۔
یعنی جہاں بھی جیمنائی اے آئی ماڈل دستیاب ہے، وہاں گوگل میپس صارفین اس فیچر کو استعمال کرسکیں گے۔
البتہ ویب ورژن میں یہ فیچر دستیاب نہیں بلکہ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز میں ہی استعمال کیا جاسکے گا۔
اگر آپ اپنے شہر کے کسی نئے حصے میں پیدل چل رہے ہیں یا سائیکل چلا رہے ہیں، تو اس صورت میں بھی جیمنائی آپ کو فوری طور پر ہینڈز فری جوابات فراہم کرسکے گا۔
آپ کو بس اوکے گوگل کہہ کرکے اس علاقے سے متعلق اپنا سوال پوچھنا ہوگا اور جیمنائی کی جانب سے اس تناظر میں جواب فراہم کیا جائے گا۔
یہاں تک کہ آپ جیمنائی کو مختلف افراد کو ٹیکسٹ بھیجنے کی ہدایت بھی کرسکتے ہیں، مگر ایسا اسی وقت ممکن ہوگا جب آپ اس کی پرمیشن اے آئی ماڈل کو فراہم کریں گے۔
گوگل کے مطابق یہ نیا فیچر دنیا بھر کے صارفین کو آنے والے ہفتوں میں دستیاب ہوگا۔


























Leave a Reply