غزہ کی ناکہ بندی توڑنے کے لیے جانے والے ’گلوبل صمود فلوٹیلا‘ پر اسرائیلی قبضے کے بعد ایک اور امدادی فلوٹیلا غزہ کی جانب روانہ ہوگیا۔
بین الاقوامی تنظیم فریڈم فلوٹیلا کولیشن (ایف ایف سی) نے کہا ہے کہ 11 مزید جہاز اسرائیلی ناکہ بندی کو چیلنج کرنے کے لیے غزہ کی جانب روانہ ہو گئے ہیں۔
تنظیم کے مطابق 2 کشتیاں اٹلی کے شہر اوترانتو سے 25 ستمبر کو روانہ ہوئیں، 30 ستمبر کو ’کونشینس‘ نامی جہاز بھی ان کے ساتھ شامل ہو گیا، اس جہاز پر صحافی اور طبی عملہ موجود ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ جہاز چند گھنٹوں میں 8 کشتیوں پر مشتمل ایک قافلے ’تھاؤزنڈ میڈلینز ٹو غزہ‘ سے مل جائیں گے اور یوں مجموعی طور پر 11 جہازوں پر مشتمل یہ قافلہ غزہ کا رخ کرے گا۔
فریڈم فلوٹیلا کولیشن کے مطابق یہ فلوٹیلا اس وقت کِریٹ کے ساحل کے قریب موجود ہے اور اس پر تقریباً 100 افراد سوار ہیں۔
یہ نیا قافلہ ایک ایسے دن روانہ ہورہا جب اسرائیلی بحریہ نے غزہ جانے والی 40 سے زائد کشتیوں پر مشتمل ’گلوبل صمود فلوٹیلا‘ کی آخڑی کشتی پر بھی حملہ کرکے اسے قبضے میں لے لیا تھا، اسرائیلی فوج نے فلوٹیلا پر سوار 450 سے زائد کارکنوں کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیل نے تقریباً 18 برس سے غزہ پر ناکہ بندی مسلط کر رکھی ہے اور مارچ میں سرحدی راستے بند کرکے خوراک اور ادویات کی ترسیل روک کر محاصرے کو مزید سخت کر دیا ہے۔
اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک 66 ہزار 200 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔




















Leave a Reply