
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی( آئی او سی) نے کھیلوں کو سیاست سے بچانے کیلئے ورکنگ گروپ کا اعلان کر دیا۔
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کا یہ اعلان کھیلوں میں سیاست گھسیٹنے والے بھارت کیلئے دھچکا ہے۔
آئی او سی ایگزیکٹیو بورڈ نے اتفاق کیا ہے کہ اسپورٹس امن کی امید ہوتے ہیں اور یہ اولمپکس کا بنیادی اصول ہے۔
آئی او سی کا کہنا ہے کہ ملکوں میں کشیدگی کی وجہ سے ایونٹس کے بائیکاٹ ، کھلاڑیوں کے سفر میں رکاوٹ اور ایونٹس کی منسوخی پر تشویش ہے۔ اسپورٹس کو ملکی سیاست کے معاملہ میں غیر جانبدار ہونا چاہیے۔
آئی او سی کے مطابق ورکنگ گروپ کھیلوں کے تحفظ کیلئے کام کرے گا ، اس ورکنگ گروپ کا مقصد کھیلوں کو سیاسی طور پر غیر جانبدار رکھنا ہے۔
آئی او سی کا کہنا ہےکہ کھلاڑیوں کو امن کے سفیر کے طور پر دیکھنا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ بھارت نے متعدد مرتبہ کھیلوں کو اپنی سیاست کا یرغمال بنایا ہے۔ماضی میں بھارت پاکستان کے متعدد پلیئرز کو ایونٹس کے ویزے دینے سے انکار کرتا رہا ہے۔ بلائینڈ کرکٹ ٹیم، اسکریبل ٹیم، اسنوکر ٹیم ، اسکواش پلیئر کو ویزوں سے ماضی میں روکا گیا۔
اس کےعلاوہ بھارت کی جانب سے فٹبال اور کرکٹ ٹیموں کو آخری لمحات میں ہی ویزے جاری کیے گئے۔
بھارت اپنی سیاست کی وجہ سے پاکستان میں کرکٹ کھیلنے سے بھی انکاری ہے۔ حال ہی میں بھارتی کھلاڑیوں نے کرکٹ میدان کو اپنے ملک کی سیاست کا گڑ بنایا۔
ایشیا کپ میں بھارتی کرکٹرز نے پاکستانی پلیئِرز سے ہاتھ نہ ملا کر اسپورٹس میں اسپرٹ کی بھی نفی کی تھی۔
واضح رہے کہ مسلسل کھیلوں میں سیاست گھسیٹنے کی وجہ سے بھارت کی اولمپک بڈ متاثر ہوسکتی ہے۔ اولمپک بڈ بچانے کے خاطر بھارت کثیر الملکی ایونٹس میں پاکستان سے کھیلنے کو راضی ہو رہا ہے۔
Leave a Reply