کولمبو: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ پاور پلے میں وکٹیں گرنے سے میچ ہاتھ سے نکل گیا، ہمارے بیٹرز صورت حال کے مطابق نہیں کھیل سکے۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف کھیلے گئے میچ میں پاکستان کو 61 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 175 رنز بنائے، بھارت کے 176 رنز کے ہدف کے جواب میں پاکستانی ٹیم 18 اوور میں 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
بھارت سے شکست کے بعد پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے پوسٹ میچ پریزنٹیشن میں کہا کہ رن چیز کے آغاز میں جلد وکٹیں گرنے کے باعث پریشر بڑھا۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ ہم 4 اسپنرز کے ساتھ گئے تھے، ان کا آج آف ڈے تھا،بیٹنگ میں بھی ہم اچھا آغاز نہ کر سکے۔ اگر پاور پلے میں 3،4 وکٹیں گر جائیں تو پھر مشکل ہوجاتا ہے۔
انہوں نے کہ اکہ دوسری اننگز میں پچ بہتر ہو گئی تھی، لیکن ہم نے صورتحال کے مطابق بولنگ نہیں کی اور بیٹنگ میں بصحیح طرح کھیل نہیں سکے۔
پاکستانی کپتان نے مزید کہا کہ بھارت جیسے روایتی حریف کے خلاف اعصاب شکن مقابلوں میں دباؤ سے نمٹنا ضروری ہے۔ تاہم انہوں نے زور دیا کہ اب ٹیم کو بدھ کو نمیبیا کے خلاف ہونے اہم گروپ میچ پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی تاکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے میچز میں جذبات ہمیشہ عروج پر ہوتے ہیں، ہمیں بس اس دباؤ کو سنبھالنا ہے۔ ہم نے ایسے کافی میچ کھیلے ہیں۔ چند دنوں میں ہمارا اگلا میچ ہے، ہمیں اسی کی طرف دیکھنا ہے۔ ہمیں وہ جیت کر کوالیفائی کرنا ہے، اس کے بعد نیا ٹورنامنٹ شروع ہوگا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد سپر ایٹ مرحلے میں کوالیفائی کرنے کے لیے پاکستان کو اپنا آخری گروپ میچ لازمی جیتنا ہوگا۔
نمیبیا نے اگر اپ سیٹ کردیا تو پاکستان سپر 8 کی دوڑ سے باہر ہوجائےگا۔
























Leave a Reply