کوئٹہ، گوادر، پنجگور سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد حملے ناکام بنا دیے گئے اور سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 3 خودکش بمباروں سمیت 92 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتتنہ الہندوستان کے اسپانسرڈ دہشت گردوں نے بلوچستان کا امن خراب کرنے کی کوشش کی اور دہشت گردوں نے 31 جنوری کو بلوچستان کے مختلف شہروں کوئٹہ، مستونگ، نوشکی، دالبندین، خاران، پنجگور، تمپ، گوادر اور پسنی میں کارروائیاں کیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ حملوں کا مقصد شہریوں کو نشانہ بنا کرصوبے میں عدم استحکام پیدا کرنا تھا اوردہشت گردوں نے گوادر اور خاران میں خواتین، بچوں اورمزدوروں سمیت 18 شہریوں کو شہید کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے کوئٹہ، گوادر، پنجگور سمیت مختلف علاقوں میں دہشت گرد حملے ناکام بنا دیے اور 3 خودکش بمباروں سمیت 92 دہشت گرد ہلاک کر ڈالے جبکہ گزشتہ 2 دنوں میں بلوچستان میں ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 133 ہو گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کلیئرنس آپریشن کے دوران 15 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ حملے پاکستان سے باہر بیٹھے دہشت گرد کے سرغنوں کی ہدایت پر کیے گئے، دہشت گردوں کا دوران کارروائی بیرونی ہینڈلرز سے براہ راست رابطہ رہا۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ متاثرہ علاقوں میں سینٹائزیشن آپریشنز تاحال جاری ہیں، منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اورمعاونین کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور عزم استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔


























Leave a Reply