بھارتی میڈیا کے بعد اب کرکٹ ویب سائٹ نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے بنگلا دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شامل کرلیا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق اسکاٹ لینڈ کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ سی میں اٹلی، نیپال ، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کو فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔
تازہ ترین صورتحال پر بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کا ہنگامی اجلاس جاری ہے۔
یاد رہے کہ بنگلا دیش نے بھارت میں سیکیورٹی خدشات اور فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو انڈین پریمیئر لیگ سے باہر کرنے کے بعد اپنی ٹیم بھارت بھیجنے سے انکار کر دیا تھا۔
گزشتہ روز بنگلا دیشں نے آئی سی سی کو دوبارہ خط لکھتے ہوئے اپنا مقدمہ آئی سی سی کی ڈیسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی میں پیش کیا تھا اور بنگلا دیش کے میچز بھارت سے منتقل کرنے کی درخواست کی تھی۔
اس سے قبل بنگلادیش کرکٹ بورڈ ( بی سی بی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیلنے کیلئے اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کے فیصلے کو تبدیل نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے اب تک باضابطہ طور پر اسکاٹ لینڈ کو ورلڈکپ میں شامل کیے جانے کا اعلان نہیں کیا گیا۔


























Leave a Reply