
بالی وڈ اداکارہ کرشمہ کپور کے سابق شوہر اور بھارت کے ارب پتی بزنس مین سنجے کپور کی اچانک موت کے بعد ان کی کروڑوں کی جائیداد خبروں کی زینت بنی ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سنجے کپور موت کے وقت 30 ہزار کروڑ بھارتی روپے کی جائیداد کے مالک تھے، اس جائیداد کا اہم حصہ سونا گروپ سے حاصل کیا جاتا ہے۔
اس کمپنی کے حوالے سے سنجے کی والدہ رانی کپور نے دعویٰ کیا ہےکہ سونا گروپ کے زیادہ تر شیئر ز ان کی ملکیت ہیں تاہم کچھ افراد خاندا نی میراث پر قبضہ کرنے کی کوششوں میں ہیں لیکن ان کی جانب سے تاحال کسی بھی شخص کو سونا گروپ کا نمائندہ مقرر نہیں کیا گیا ہے۔
دوسری جانب رانی کپور کی رضامندی کے بغیر منعقد کی گئی سالانہ میٹنگ میں سنجے کپور کی اہلیہ پریا سچدیو کپور کو باضابطہ طور پر نان ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر کر دیا گیا ہے جب کہ رانی کپور کا دعویٰ ہے کہ ان کا بینک اکاؤنٹ منجمد کردیا گیا ہے جس سے وہ مالی طور پر مشکل حالات میں ہیں۔
سنجے کی موت کا پس منظر
گزشتہ ماہ جون میں برطانیہ میں پولو میچ کے دوران سنجے کپور دل کا دورہ پڑنے سے اچانک گرپڑے تھے جس کے بعد انہیں اسپتال لے جایا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
سنجے کی جائیداد میں کرشمہ کا حصہ
بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ سنجے کپور کی سابقہ اہلیہ کرشمہ کپور کی جانب سے بھی سنجے کی جائیداد میں حصے کا مطالبہ کیا گیا ہے تاہم کرشمہ اور ان کی ٹیم کے حوالے سے فی الحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
بھارتی ذرائع یہ بھی دعویٰ کررہے ہیں کہ کرشمہ کا کسی بھی طرح سے کسی جائیداد سے کوئی تعلق نہیں ہے، وہ کسی بھی طرح جائیداد سے متعلق معاملات میں ملوث نہیں تاہم کرشمہ کے بچے سنجے کپور کے حقیقی وارث ہیں اور انہیں ان کا حصہ دیا جائے گا۔
سنجے اور کرشمہ کی شادی اور طلاق
واضح رہے کہ سنجے کپور نے پہلی شادی 1996 میں فیشن ڈیزائنر نندیتا مہتانی سے کی تھی جو 2000 تک چل سکی جس کے بعد 2003 میں سنجے کپور نے کرشمہ کپور سے شادی کی تھی اور ان کے 2 بچے ہیں۔
اس جوڑے نے 2016 میں علیحدگی اختیار کی تھی جس کے بعد کرشمہ نے طویل قانونی جنگ کے بعد بچوں کو حاصل کرلیا اور اب وہ والدہ کے ساتھ ممبئی میں قیام پذیر ہیں۔
کرشمہ سے طلاق کے ایک سال بعد سنجے نے پریا سچدیو نامی ماڈل سے تیسری شادی کی تھی۔
Leave a Reply