کراچی : راشد منہاس روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے بہن بھائی کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر ٹریفک پولیس کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی۔
ٹریفک پولیس کے ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حادثے کا شکار موٹر سائیکل سلپ ہوئی تھی، ممکنہ طور پر موٹر سائیکل ساتھ چلنے والی گاڑی سے ہلکی سی ٹکرائی تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واقعے کے وقت ہلکی بوندا باندی بھی ہورہی تھی جس سے سڑک گیلی تھی۔
رپورٹ کے مطابق توازن برقرار نہ رہنے کے باعث بہن بھائی موٹر سائیکل سے گرگئے، پیچھے سے آتے ہوئے تیز رفتار ڈمپر نے موٹرسائیکل سے گرنے والے بہن بھائی کو ٹکر ماردی۔
ٹریفک پولیس کے ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حادثے کے وقت ڈمپر خالی تھا اور فاسٹ ٹریک پر تیز رفتاری سے جارہا تھا۔
دوسری جانب حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بظاہر موٹر سائیکل سلپ ہونے سے بہن بھائی گرے اور ڈمپر کی زد میں آگئے۔
سی سی ٹی وی ویڈیو سے چیئرمین ڈمپرز آنر ایسوسی ایشن کے بیان کی بھی نفی کردی ہے جنہوں نے حادثے کا ذمہ دار واٹرٹینکر کو قراردیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ شب کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا راشد منہاس روڈ پر ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں بہن بھائی جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع نے بتایاکہ ڈمپر کی ٹکر کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار باپ، بیٹا اور بیٹی زخمی ہوگئے تھے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق اسپتال منتقلی کے دوران بہن اور بھائی دم توڑ گئے جن کی شناخت 22 سالہ ماہ نور اور 14 سالہ علی رضا کے نام سے ہوئی۔
حادثے کے بعد شہری مشتعل ہوگئے اور 7 ڈمپروں کو آگ لگادی، شہریوں نے موٹر سائیکل کو ٹکر مارنے والے ڈمپر ڈرائیور پر تشدد کے بعد اسے پولیس کے حوالے کردیا۔
ڈمپروں کو آگ لگانے کے خلاف ڈمپر ڈرائیور ایسوسی ایشن نے احتجاج کرتے ہوئے سپرہائی وئے سہراب گوٹھ سے سڑک ٹریفک کے لیے بند کردی جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانہ شدید متاثر ہوئی۔
بعد ازاں سندھ کے سینئیر وزیر شرجیل میمن نے دھرنے میں پہنچ کر ڈمپرز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کی جس کے بعد دھرنا ختم کرنے کااعلان کردیا گیا۔
ڈمپرز ایسوسی ایشن کے مطابق حکومت نےجلائے جانے والےڈمپرز کامعاوضہ ادا کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
میڈيا سے گفت گو میں شرجیل میمن نےکہا کہ راشد منہاس روڈ پر حادثے کے بعد گاڑیاں جلانے والوں کے خلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے، کراچی کا ٹریفک حادثہ افسوس ناک ہے، اگر ڈرائیور نے غلط کام کیا ہے تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔























Leave a Reply