
پاکستان کے سب سے بڑے میوزک مقابلے ”پاکستان آئیڈل“کے آڈیشنز 31 اگست کو کراچی کے آرٹس کونسل میں سجنے جا رہے ہیں۔
میوزک کے دیوانوں کیلئے آڈیشنز کا سلسلہ سکھر سے شروع ہوا اور ملتان، لاہور اور راولپنڈی پہنچا تو ایسی آوازیں، ایسے سر، ایسے سنگیت اور ایسے گلوکار سامنے آئے کہ دیکھنے والے دنگ رہ گئے۔
گزشتہ آڈیشنز کی گونج ابھی مدھم نہیں ہوئی تھی کہ اب کراچی میں میوزک کا نیا طوفان برپا ہونے کو تیار ہے۔
کراچی کی فضاؤں میں گٹار کے تاروں کی کھنک، ہارمونیم کے سر اور طبلے کی تھاپ گونجنے لگی ہے، نوجوانوں میں ایک عجیب سی بیتابی ہے، ہر کوئی اپنی آواز کے جادو سے دلوں کو موہ لینے کا خواب آنکھوں میں سجائے تیاریوں میں مصروف نظر آرہا ہے۔
یاد رہے کہ ”پاکستان آئیڈل“ سب سے پہلے ”جیو ٹی وی“ سے نشر کیا جائے گا جس نے اس کا جوش و خروش مزید بڑھا دیا ہے۔
شہرِقائد کے نوجوانوں کے دل ساز و آواز کے ساتھ دھڑکنے لگے ہیں۔ کچھ اپنی آواز کو ریاضت کے ذریعے بہتر بنا رہے ہیں تو کچھ آئینے کے سامنے کھڑے ہو کر اپنے خوابوں کی دھُن گنگنا رہے ہیں۔
31 اگست کو کراچی کا ہر راگ، ہر تان اور ہر ساز صرف ایک ہی مقصد کے لیے گونجے گا ”پاکستان آئیڈل“ جہاں خواب حقیقت بنتے ہیں اور آوازیں امر ہو جاتی ہیں۔
کراچی کے نوجوان اپنی حاضری سے دوسرے شہروں کو مات دیں۔
Leave a Reply