ڈمپر ڈرائیور کا لائسنس 8 سال پہلے کا ایکسپائر نکلا، جسمانی ریمانڈ منظور


راشد منہاس روڈ واقعہ: ڈمپر ڈرائیور کا لائسنس 8 سال پہلے کا ایکسپائر نکلا، جسمانی ریمانڈ منظور

کراچی میں ڈمپر کی ٹکر سے بہن بھائی کو کچل کر جاں بحق کرنے والے ڈرائیور کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

راشد منہاس روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے بہن اور بھائی کو کچلنے والے ڈرائیور کو جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے پاس سے ہیوی ٹریفک لائسنس نہیں ملا، ملزم کے پاس ایل ٹی وی لائسنس ہے جو 2016 میں ایکسپائر ہو چکا، ملزم سے ڈمپر کے مالک کے حوالے سے معلومات کرنی ہیں۔

تفتیشی افسر نے کہا کہ حادثے کے بعد عوام کے تشدد سے ملزم کی آنکھ پر چوٹ لگی، واقعے کا مقدمہ تھانہ یوسف پلازا میں درج کیا گیا۔

عدالت نے ملزم کو 2 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز راشد منہاس روڈ پر تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوال بہن بھائی جاں بحق جبکہ ان کے والد زخمی ہو گئے تھے۔ حادثے کے بعد مشتعل مظاہرین نے 7 ڈمپروں کو آگ لگا دی تھی۔

شرارتی دہشتگرد ذہن کے لوگوں نے ڈمپروں کو آگ لگائی: شرجیل میمن  

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا اس حوالے سے سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا بہن بھائی کو کچلنے والے ڈرائیور کے خلاف کارروائی ہو گی لیکن حادثے کے بعد چند شرارتی دہشت گرد ذہن اور سوچ کے لوگوں نے ڈمپروں کو آگ لگا دی،  جو لوگ پُرامن شہر کو آگ میں دھکیلنے کی کوشش کر رہے ہیں انہیں دوبارہ لسانیت ، بدمعاشی اور بھتا خوری کی سیاست نہیں کرنے دیں گے۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا دنیا میں کہاں ایسا ہوتا ہے کہ ٹریفک حادثات کی صورت میں گاڑیاں جلا دی جائیں، کل ڈمپروں کو آگ لگائی گئی یہ جان بوجھ کر شہر کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں، حکومت اپنا کام کرے گی، کسی کے ڈر خوف میں نہیں آئےگی۔

دوسری جانب راشد منہاس روڈ پر ہونے والے ٹریفک حادثے کی تحقیقات کے لیے 4 رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *