کراچی: راشد منہاس روڈ پر ٹریفک حادثے کے بعد7 ڈمپروں کو نذر آتش کیے جانے کے واقعے کی تحقیقات کے لیے چار رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔
جیونیوز کے مطابق تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ ہوں گے۔
ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ کا کہنا ہےکہ واقعے کے بعد 18 افراد کو گرفتار کرلیا ہے، یہ افراد ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث ہیں جب کہ مختلف سی سی ٹی فوٹیجز کی مدد سے ملوث افراد کی شناخت جارہی ہے، ان کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں کررہے ہیں۔
دوسری جانب صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے کہا کہ ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا ہے، راشد منہاس روڈ پرٹریفک حادثے کے بعد دہشتگرد ذہن اور سوچ کے لوگوں نے ڈمپروں کو آگ لگادی، شہرمیں دوبارہ لسانیت ، بدمعاشی،بھتا خوری کی سیاست نہیں کرنے دیں گے۔
اس سے قبل ٹریفک پولیس کی ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ حادثے کے وقت ڈمپر خالی اور فاسٹ ٹریک پر تیز رفتاری سے جارہا تھا، ممکنہ طور پر موٹر سائیکل ساتھ چلنے والی گاڑی سے ہلکی سی ٹکرائی اور بہن بھائی موٹر سائیکل سے گرگئے، پیچھےسے آتے تیز رفتار ڈمپر کی وجہ سے دونوں جان سے چلے گئے۔
اس کے علاوہ ڈمپر جلانے کے دو مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں جن میں انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعات شامل ہیں۔























Leave a Reply