لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں آنے والے مریض امیر نہیں ہوتے، صحت کے شعبے میں اونچ نیچ ہو جائے تو لوگوں کی زندگیاں جا سکتی ہیں، ڈاکٹر ڈیوٹی کے اوقات میں موبائل فون استعمال نہیں کریں گے تو قیامت نہیں آ جائے گی۔
لاہور میں سرکاری اسپتالوں کے ایم ایس اور سی ای اوز سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ اسپتالوں میں ہرقسم کی ادویات موجود ہیں، سرکاری اسپتالوں میں آنے والے مریض امیر نہیں ہوتے، صحت کے شعبے میں اونچ نیچ ہو جائے تو لوگوں کی زندگیاں جا سکتی ہیں۔
مریم نواز نے ہدایت کی کہ ٹھنڈے کمروں میں بیٹھ کر ہر چیز اچھی لگتی ہے ، باہر نکلیں ، خود مانیٹر کریں ، دیکھیں کہ سہولیات میں کوئی کمی تو نہیں ، کوئی رشوت لے کر کام تو نہیں کروا رہا۔
وزیر اعلیٰ نے شکایت ملنے پر سخت ایکشن کی وارننگ دیتے ہوئے کہا غریب عوام کی ادویات کے پیسوں میں کرپشن نہیں ہونے دیں گی ، اسپتالوں میں فنڈنگ کا نہیں ، احتساب اور مانیٹرنگ کا مسئلہ ہے ، ماضی میں ادویات موجود ہونے کے باوجود نہیں دی جاتی تھیں ، علاج کے لیے رشوت لی جاتی تھی ، کسی ایک کو بھی اچھا علاج نہیں ملتا تو یہ ان کی، وزیر صحت اور ہم سب کی ناکامی ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ڈیوٹی کےاوقات میں موبائل فون استعمال نہیں کریں گے تو قیامت نہیں آ جائے گی،اسپتالوں میں فائرسیفٹی سسٹم کو بھی یقینی بنایا جائے۔
اس کے علاوہ بچوں کی ہارٹ سرجری سے متعلق تقریب میں وزیر اعلی مریم نواز کا کہنا تھا کہ بچوں کی سرجری کیلئے 3ارب روپے دیئے گئے ہیں،دل کےمریض بچوں کا مکمل ڈٹیا بھی تیار ہے، یہ سوا 10 ہزار سرجریز نہیں ، صحت کے شعبے میں انقلاب ہے۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ 100ارب روپے دینے کے باوجود اسپتالوں میں کئی بار مجرمانہ غفلت بھی سامنے آتی ہے، ایک بیڈ پر دو ، دو، تین، تین مریض کے بجائے ایک مریض ہونا چاہیے، 1500نئے ڈاکٹرز اور 5 سے 6 ہزار نرسز بھرتی کی گئی ہیں، ڈاکٹرز،انسانی زندگیاں بچانے کو اپنا مشن بنائیں۔


























Leave a Reply