بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نےپاکستان سے بھارت کیخلاف میچ کھیلنے کی درخواست کردی۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے پی سی بی چیئرمین کا خاص شکریہ کہ انہوں نے اس دوران ہمارا ساتھ دیا، پاکستان سے درخواست ہے کہ وہ بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میچ کھیلے۔
اس سے قبل وزیرِ اعظم شہباز شریف اور سری لنکا کے صدر انورا کماراکے درمیان ٹیلی فونک رابطے میں سری لنکن صدر نے بھارت سے میچ کھیلنے کے لیے وزیراعظم سے درخواست کردی۔
وزیراعظم آفس کے مطابق سری لنکن صدر نے درخواست کی کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سری لنکا میں منعقدہ پاک بھارت میچ کھیلنا چاہیے۔
وزیر اعظم آفس کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سری لنکن صدر کے جذبات کا خیر مقدم کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں بھی مشکل ادوار میں سری لنکا نے بھرپور ساتھ دیا اور پاکستان میں کرکٹ جاری رکھی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حال ہی میں بھی سری لنکن ٹیم نے پاکستان کا دورہ منسوخ نہ کرکے ناقابل فراموش اقدام کیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سری لنکن صدر کو پاک بھارت میچ پر مشاورت کے بعد حتمی فیصلے سے آگاہ کرنے کا کہا۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں 15 فروری کو بھارت سے میچ شیڈول کے مطابق کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں شیڈول کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میچ کھیلیں گی۔


























Leave a Reply