پشاور ہائی کورٹ کے حکم پر خیبرپختونخوا پولیس اور انتظامیہ نے مختلف مقامات پر بند سڑکوں سے رکاوٹیں ہٹا کر ٹریفک بحال کردی۔
پی ٹی آئی کے کارکنوں نے خیبرپختونخوا کے 16 مقامات پر احتجاجاًسڑکوں کو بند کیا تھا جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا تھا۔
پشاور ہائی کورٹ نے آئی جی پولیس اور چیف سیکرٹری کو فوری طور پر سڑکیں کھلوا کر ٹریفک بحال کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد پولیس اور انتظامیہ حرکت میں آئے اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے پنجاب اور خیبرپختونخوا کو ملانے والے اہم مقام اٹک پل جی ٹی روڈ سے رکاوٹیں ہٹا کر ٹریفک بحال کرادی۔
انتظامیہ نے ڈیرہ اسماعیل خان کو میانوالی اور چشمہ سے ملانے والی سڑکوں سے بھی رکاوٹیں ختم کردیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان اسلام آباد موٹر وے ایم 14 سی پیک پارک ٹول پلازا کو بھی کلئیر کر دیا گیا جبکہ ہزارہ موٹر وے پر حویلیاں اور مسلم آباد انٹر چینج بھی کھلوا دیے گئے۔
اس سے قبل پشاور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے احتجاج کی وجہ سے صوبے کی بند سڑکیں کھولنے کا حکم دیا تھا۔
عدالت نے کہا تھا 4 روز سے سڑکیں بند ہیں، صوبے کے عوام کو شدید مشکلات ہیں، لوگ جان سے جا رہے ہیں، رولنگ پارٹی اپنے ہی صوبے کے لوگوں کو تکلیف دے رہی ہے۔
عدالتی فیصلے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت عدالتی فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنائے گی، عدالت نے چیف سیکرٹری اور آئی جی کے پی کے کو ہدایت کی ہے، ان کی طرف سے جو بھی درخواست آئے گی وفاقی حکومت اسے پورا کرے گی۔


























Leave a Reply