پنجاب میں پاک فوج، رینجرز اور ریسکیو سمیت مختلف اداروں نے سیلابی صورتحال کے دوران بروقت ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے ساڑھے 9 ہزار سے زائد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔
پاک فوج کے جوانوں نے سرگودھا کے علاقے گورنہ پٹھاناں سمیت دیگر علاقوں میں سیلاب میں گھرے افراد کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
گوجرانوالہ میں سیلاب کے باعث گھروں کی چھتوں پر پھنسے شہریوں کو پاک فوج نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو کر لیا۔
پاک فوج نے سیلاب متاثرین کےلیے فری میڈیکل کیمپس بھی قائم کئے ہیں، ریسکیو کئے جانے والے افراد میں بزرگ شہری، بچے اور خواتین شامل ہیں۔
پاکستان رینجرز کا بھی سیلاب سے متاثرہ سلیمانکی میں ریسکیو آپریشن جاری ہے جہاں سیلاب میں پھنسے 55 افراد اور 150 مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیاگیا۔
متاثرہ علاقوں میں قائم فری میڈیکل کیمپس میں سیلاب متاثرین کو بروقت طبی سہولتوں اور دواؤں کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
ریسکیو اداروں کی جانب سے بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔
پنجاب کے 30 اضلاع میں جاری ریسکیو آپریشن میں 3 ہزار افراد نے حصہ لیا جبکہ 700 کشتیاں استعمال کی گئیں، ساڑھے 9 ہزار سے زائد افراد کو پانی سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، سیلاب متاثرین کے لیے شیلٹر کیمپس بھی قائم کئے گئے جبکہ انہيں کھانا اور طبی سہولیات فراہم کرنے کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔
ادھر سیالکوٹ میں سیلاب میں بہہ کر آنےوالے3 ہرن کو بھی ریسکیو کرلیاگیا، ڈپٹی چیف وائلڈ لائف کےمطابق ہرن چپراڑ اور بجوات کےعلاقوں سے ریسکیو کیے گئے۔
2 ہرن کو ری ہیبلیٹیشن کےلیے لاہور جلو پارک جبکہ ایک زخمی ہرن کو سیالکوٹ وائلڈ بریڈنگ سینٹر منتقل کیاگیاہے۔
یاد رہےکہ بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے اور بارشوں کے باعث دریائےچناب، ستلج اور راوی بدستور سیلاب کی لپیٹ میں ہیں اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے، سیلاب کے باعث پنجاب بھر میں اب تک مجموعی طور پر 45 ہزار سے زائد افراد نقل مکانی کرچکے ہیں۔
Leave a Reply