پاکستان کے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے باوجود بھارتی کرکٹ ٹیم کو میچ کے شیڈول کے مطابق سری لنکا جانا پڑے گا۔
اتوار کو پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کرنے لیکن بھارت کے خلاف 15 فروری کا میچ نہ کھیلنےکا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ملاقات کی جس میں ورلڈکپ میں شرکت کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا گیا۔
اس ملاقات کے بعد حکومت پاکستان نے اعلان کیا کہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ کھیلے گا لیکن بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گا۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہےکہ بنگلادیش کے حوالے سے آئی سی سی کا جانبدارانہ فیصلہ مرکزی حیثیت رکھتا ہے، حکومت پاکستان اس معاملے پر بنگلا دیش کے ساتھ اظہار یکجہتی دکھانا چاہتی تھی۔
پاکستان اور بھارت کا میچ 15 فروری کو سری لنکا کے شہر کولمبو میں ہونا تھا۔
پاکستان کے بائیکاٹ کے باوجود بھارتی ٹیم کو سری لنکا کیوں جانا پڑے گا؟
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرنے پر پاکستان کو اس میچ کے 2 پوائنٹس سے ہاتھ دھونا پڑے گا اور وہ 2 پوائنٹس بھارت کو مل جائیں گے۔
لیکن اگر بھارت کو پاکستان کے بائیکاٹ کی صورت میں 2 پوائنٹس حاصل کرنے ہیں تو بھارتی ٹیم کو آئی سی سی کے پروٹوکول کو فالو کرتے ہوئے جہاں میچ کھیلا جانا تھا وہاں وقت پر موجود ہو اور شیڈول کے مطابق تمام تیاری کرے اور میدان میں پاکستان ٹیم کا انتظار کرے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق بھارتی ٹیم آئی سی سی پروٹوکو ل کو فالو کرے گی اور 15 فروری کو سری لنکا میں شیڈول کے مطابق پریکٹس کرے گی، پریس کانفرنس کرے گی اور اسٹیڈیم وقت پر پہنچے گی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی قوانین کے مطابق میچ والے دن پاکستان کے میدان میں نہ ہونے پر بھارت ٹیم میچ ریفری کی جانب سے آفیشل طور پر میچ منسوخ کرنے کے فیصلے کا انتظار کرے گی۔
اس کے بعد ہی بھارتی ٹیم 2 پوائنٹس حاصل کرسکے گی۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 7 فروری سے شروع ہوگا۔پاکستان کے گروپ میں بھارت کے علاوہ نمیبیا، نیدرلینڈز، امریکا ہیں۔


























Leave a Reply