
پاکستان کی جانب سے چینی لڑاکا طیارے کے کامیاب استعمال کے بعد چین کے سرکاری ٹی وی نے ایک ڈاکیومینٹری نشر کی ہے جس میں چین نے اپنے جدید لڑاکا طیارے J-10C کی کامیابیوں کو اجاگر کیا ہے۔
ڈاکیومینٹری میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں پاکستان نے اسی طیارے کی مدد سے بھارت کے لڑاکا طیارے مار گرائے۔
چینی سرکاری ٹی وی سی سی ٹی وی پر نشر ہونے والی یہ ڈاکیومنٹری ایسے وقت میں آئی ہے جب پاکستان ائیرفورس نے 7 مئی کو بھارتی فضائیہ کے ساتھ ایک ڈاگ فائٹ میں J-10C طیارے استعمال کرتے ہوئے بھارت کے 3 رافیل طیارے تباہ کیے۔
چینی ٹی وی کی فوجی رپورٹ میں کہا گیا کہ J-10CE جو کہ J-10C کا ایکسپورٹ ورژن ہے، اس نے’حال ہی میں ایک حقیقی جنگ میں غیر ملکی طیارے مار گرائے اور یہ اس طیارے کی پہلی جنگی کامیابی ہے‘۔
J-10C: جدید ٹیکنالوجی سے لیس 4.5 جنریشن لڑاکا
J-10C ایک سنگل انجن، ملٹی رول لڑاکا طیارہ ہے جو جدید AESA ریڈار، کم ریڈار کراس سیکشن، جدید ایویونکس اور دور مار PL-15 میزائل سے لیس ہے، یہ طیارہ چین نے 2003 میں اپنی فضائیہ میں شامل کیا تھا جب کہ اس کا جدید ترین ورژن پاکستان کو برآمد کیا گیا۔
چینی ڈاکیومنٹری کے مطابق J-10 کی تیاری 1980 کی دہائی میں اس وقت شروع ہوئی جب چین کو احساس ہوا کہ اس کے طیارے امریکی و سوویت ٹیکنالوجی سے ایک نسل پیچھے ہیں۔ 1997 میں J-10 کا پہلا ماڈل مکمل ہوا جسے چینی ماہرین نے ’فضائی دفاع کی تاریخ کا ایک معجزہ‘ قرار دیا۔
اس وقت چین، پاکستان کو سب سے زیادہ ہتھیار فراہم کرنے والا ملک ہے جو 2020 سے 2024 تک پاکستان کی 81 فیصد دفاعی درآمدات پر مشتمل ہے، پاکستان نہ صرف J-10C بلکہ PL-15 میزائل بھی چین سے حاصل کر رہا ہے۔
عالمی نمائش میں نمایاں شرکت
J-10C طیارہ اس وقت ملائیشیا میں جاری لانگ کاوی ایئر شو میں بھی نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے جہاں اس کی جدید ٹیکنالوجی اور جنگی صلاحیتوں کو بین الاقوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔
Leave a Reply