پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت نے امریکا پر واضح کردیا


بھارت نہ رکا تو جواب اس سے بھی سخت ہوگا: پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت نے امریکا پر واضح کردیا

امریکی وزیر خارجہ نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو بھارت سے کشیدگی کے معاملے پر تعمیری تعاون کی پیشکش کی۔ فوٹو فائل

پاک بھارت کشیدگی کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ٹیلی فونک رابطہ کر کے موجودہ صورت حال پر گفتگو کی۔

بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی رات کو پاکستان اور آزاد کشمیر کے 5 مقامات پر حملے کیے جس کا پاکستانی فورسز نے منہ توڑ جواب دیا، پاکستان کی جانب سے بارہا خبردار کرنے کے باوجود بھارت کی جانب سے جارحیت کا سلسلہ جاری رہا اور بھارت نے ڈرون حملوں کے بعد میزائل حملوں سے پاکستانی ائیر بیسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

پاکستان نے بھارت کو بھرپور جواب دیتے ہوئے ادھم پور، آدم پور اور پٹھان کوٹ ائیر بیسز سمیت کئی ائیر فیلڈز کو تباہ کر دیا۔ بھارتی ریاست مہاراشٹرا کی الیکٹرک کمپنی پر سائبر حملہ کر کے بجلی کا نظام مکمل طور پر جام کر دیا اور ملٹری سیٹیلائٹ کو بھی جام کر دیا۔ اس کے علاوہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی ریاست گجرات میں پاکستانی ڈرونز کئی گھنٹوں تک پرواز کرتے رہے۔ پاکستان نے بھارت کی بھٹنڈا ائیر فیلڈ کو بھی تباہ کر دیا۔

اب اطلاعات ہیں کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے رابطہ کر کے موجودہ صورت حال میں تعمیری تعاون کی پیشکش کی ہے۔

اس کے علاوہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بھی رابطہ کیا اور بھارت سے جاری حالیہ کشیدگی پر تحمل سے مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا۔

جیو نیوز کے اینکر پرسن شاہ زیب خانزادہ نے بھی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے امریکی ہم منصب کو کہا کہ اگر بھارت یہاں رک جائے تو پاکستان معاملے کے حل کے لیے تیار ہے لیکن اگر بھارت نہ رکا تو پاکستان اس سے بھی زیادہ بھرپور جواب دے گا۔

دوسری جانب بھارت سے بھی امریکا کا رابطہ موجود ہے، مارکو روبیو نے دو روز قبل بھارتی ہم منصب جے شنکر سے رابطہ کیا تھا تاہم اس کے باوجود بھارت نے حملہ کیا۔

گزشتہ روز نائب امریکی صدر جے ڈی وینس نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا امریکا کا پاک بھارت جنگ سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، امریکا اس جنگ میں کوئی مداخلت نہیں کرے گا۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *