
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آئندہ پیر سے موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 4 سے 7 اگست تک کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 4 سے 7 اگست تک خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ پنجاب اور اسلام آباد میں بھی 4 سے 7 اگست تک شدید بارشوں کا امکان ہے۔ 6 اگست کو بلوچستان اور سندھ میں تیز بارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ موسلادھاربارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
ماہرین موسمیات نے رواں سال مون سون سیزن ستمبر کے آخر تک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کے باعث موسموں کے پیٹرن تبدیل ہورہے ہیں۔
ماہرین نے بتایا کہ رواں سال مون سون ہوائیں ملک کے جنوبی حصے پر کم اثرانداز ہو رہی ہیں، مون سون ہوائیں زیادہ تر ملک کے شمالی و بالائی علاقوں پر اثرانداز ہیں، 10 اگست سے مون سون ہوا کا رخ ملک کے جنوبی حصے کی جانب ہو جائے گا۔
ماہرین کے مطابق اگست کے وسط سے مون سون سسٹم جنوبی حصے پر اثر انداز ہو سکتے ہیں، رواں سال مون سون کا دورانیہ بھی بڑھ سکتا ہے، عام طور پر ملک کے جنوبی حصے سے مون سون 15 ستمبر کو ختم ہوجاتا ہےتاہم رواں سال مون سون ستمبر کے آخر تک رہ سکتا ہے۔
Leave a Reply