بھارتی سنیما کی کامیاب ترین فلم ’شعلے‘ کی ریلیز کو 5 دہائیاں گزرجانے کے بعد فلم کے ڈائریکٹر و پروڈیوسر رمیش سپی نے فلم کی شوٹنگ کے دوران پیش آئے ایسے لمحے سے پردہ اٹھایا ہے جو’شعلے‘ کی تاریخ بدل سکتا تھا۔
1975 میں ریلیز ہونے والی فلم ’شعلے‘ بھارتی سنیما کی تاریخی فلموں میں سے ایک ہے، فلم کی اسٹار کاسٹ میں دھرمیندر، امیتابھ بچن، امجد خان، سنجیو کمار، ہیما مالنی اور جیا بچن شامل تھے۔
جب دھرمیندر سے سیٹ پر گولی چل گئی
بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران رمیش سپی نے آنجہانی لیجنڈری اداکار دھرمیندر سے غلطی سے گولی چل جانے کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ‘فلم کی شوٹنگ کے دوران ایک سین میں دھرمیندر کو بندوق صرف لوڈ کرنی تھی، چلانی نہیں تھی لیکن انہوں نے بندوق چلادی، اس وقت وہیں امیتابھ بچن کھڑے تھے لیکن خوش قسمتی سے گولی ان کے بالکل قریب سے گزرگئی‘۔
ڈائریکٹررمیش سپی کے مطابق’دھرمیندر کی اس غلطی نے سیٹ پر موجود ہر شخص کو ہلا کررکھ دیا، گولی چل جانے کے فوری بعد شعلے کے ایکشن سینماٹوگرافر جم ایلن نے انتہائی غصے میں آکر فلم کی شوٹنگ کرنے سے انکار کردیا‘۔
رمیش سپی نے بتایا کہ ‘ جم ایلن نے کہا کہ کسی اداکار کا ایسا رویہ میرے سیٹ پر برداشت نہیں کیاجاسکتا، میں نہیں چاہتا کہ کوئی حادثہ پیش آئے، صورتحال اس قدر خراب ہوگئی تھی کہ اس روز فلم کی شوٹنگ روکنا پڑی، بعد ازاں جم ایلن کو ٹھنڈا کرکے شوٹنگ کیلئے راضی کیا، دوسری جانب دھرمیندر کو بھی سمجھاگیا کہ کردار میں ڈوب جانا بہتر ہے لیکن حفاظتی اقدام سے سمجھوتا نہیں کیا جاسکتا اور یوں دھرمیندر نے جم اور امیت جی سے معافی مانگی اور سیٹ کا ماحول ٹھنڈا ہوگیا‘۔
جب دھرمیندر اور امیتابھ جنگل میں لاپتا ہوگئے
رمیش سپی نے فلم کی شوٹنگ کے دوران امیتابھ اور دھرمیندر کے جنگل میں لاپتا ہوجانے کا بھی انکشاف کیا۔
رمیش سپی نے بتایا کہ ’دوران شوٹنگ شعلے کا عملہ فلم کے دونوں مرکزی اداکاروں کے اچانک غائب ہوجانے کی وجہ سے شدید پریشانی میں مبتلا ہوگیا تھا ، ہمیں نہیں معلوم تھا کہ کیا کرنا چاہیے، ہم سمجھ نہیں پارہے تھے کہ وہ تفریح کیلئے نکلے ہیں یا جنگل میں گم ہو گئے ہیں‘۔
ڈائریکٹر نے مزید بتایا کہ ’ہمیں ان سے متعلق کوئی معلومات نہیں مل رہی تھیں اور یوں سیٹ پر خوف و ہراس پھیلنے لگا، ہم نے دونوں کو تلاش کرنے کا فیصلہ کیا، گھنٹوں کی تلاش کے بعد آخرکار وہ دونوں خود واپس آگئے، انہوں نے بتایا کہ راستے میں ان کی گاڑی خراب ہوگئی تھی جس کے بعد وہ دونوں ایک رکشہ لے کر ہوٹل واپس آئے‘ ۔


























Leave a Reply