اردن کے فرمانروا اورمسلح افواج کےسپریم کمانڈرشاہ عبداللہ دوئم نے گلوبل انڈسٹریل اینڈڈیفنس سلوشنز اور ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینجز کا دورہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سپریم کمانڈر شاہ عبداللہ ابن الحسین کے پاکستان دورے کے دوران شہزادی سلمیٰ بنت عبداللہ اور اردنی سول و عسکری حکام کا وفد بھی اُن کے ہمراہ تھا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دیگر سینیئر حکام کے ہمراہ شاہی مہمانوں کا استقبال کیا۔
گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز میں شاہ عبداللہ کو ادارے کے ڈھانچے، صلاحیتوں اور مصنوعات کے پورٹ فولیو پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، بعد ازاں شاہ عبداللہ نے ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینجز کا دورہ بھی کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اس موقع پر شرکت کی جبکہ آذربائیجان کے وزیرِ دفاعی صنعت ووگار ویلِہ اوغلو مصطفیٰ ایوف بھی مہمانوں میں شامل تھے۔ شاہ عبداللہ اور دیگر مہمانوں نے مشترکہ فائر اور مینوور مشق کا عملی مظاہرہ دیکھا جس میں ملٹی ڈومین آپریشنز، روایتی و فضائی فائر پاور اور مربوط زمینی کارروائیاں شامل تھیں۔
شاہ عبداللہ نے شریک دستوں اور ائیر کریوز کی اعلیٰ تربیت، پیشہ ورانہ مہارت اور عملی تیاری کو سراہا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے شاہ عبداللہ اور عوامِ اردن کے لیے پاکستان کے گہرے احترام اور محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد اور امن و ترقی کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے پاکستان اور مملکتِ اردن کے مضبوط دفاعی شراکت دار کے رشتے کو اجاگر کرتے ہوئے عسکری تعاون میں مزید فروغ کے عزم کا اعادہ کیا اور خطے کے امن و استحکام کے مشترکہ وژن پر زور دیا۔
اس سے قبل شاہ عبداللہ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو آرڈر آف دی ملٹری میرٹ (فرسٹ ڈگری) سے نوازا جو دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعاون کے فروغ میں ان کی غیرمعمولی خدمات کے اعتراف میں پیش کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ شاہ عبداللہ کا پاکستان کا دو روزہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اخوت، بھائی چارے اور قریبی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔






















Leave a Reply