
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر میں تیز بارش سے نمٹنے کو چیلنج قرار دے دیا۔
ایک بیان میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سمندر میں پانی کی سطح بلند ہونے سے کریک کا پانی نہرِ خیام میں جا رہا ہے اور شہر میں تیز بارش کی صورت میں پانی کے بہاؤ سے نمٹنا ایک بڑا چیلنج ہوگا۔
کراچی میں کل شدید موسلا دھار بارش کی پیشگوئی
دوسری جانب ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر کا بتانا ہےکہ مون سون سسٹم ڈیپ ڈپریشن کی شدت کے ساتھ برقرار ہے، ڈیپ ڈپریشن سمندری طوفان بننے سے پہلے کی ایک اسٹیج ہے، بارش کا سسٹم زمین پر موجود ہے اور اس کا مرکز تھرپارکر میں ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق اتنی شدت کے سسٹم میں 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹا کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں، مون سون کا یہ سسٹم شدید موسلادھار بارش کا سبب بنتا ہے اور آج سہ پہر میں کراچی میں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ کل یہ سسٹم کراچی کے قریب سے گزرے گا اور کل شہر کی صورتحال خراب رہ سکتی ہے، شہر میں کل شدید موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے، کراچی میں انفرااسٹرکچر خراب ہونے کے باعث سڑکوں پر اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوسکتا ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات نے کہا کہ پورے اسپیل کے دوران کراچی میں 100 ملی میٹر سے زائد بارش ہوسکتی ہے لہٰذا شہری کچے انفرااسٹرکچر سے دور رہیں،تیزبارش کی صورت میں گھروں میں رہیں۔
Leave a Reply