خیبر پختونخوا میں ای پنشن سسٹم کے اجرا کی منظوری، یہ نظام کیسے کام کریگا؟


خیبر پختونخوا میں ای پنشن سسٹم کے اجرا کی منظوری، یہ نظام کیسے کام کریگا؟

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے احساس ای پنشن سسٹم کے اجرا کی منظوری دی/ فائل فوٹو

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے احساس ای پنشن سسٹم کے اجرا کی منظوری دے دی۔ 

سرکاری حکام کے مطابق ای پنشن سسٹم  یکم جنوری 2026 سےنافذ العمل ہوگا جس کے بعد پنشن کی ادائیگی ای پنشن سسٹم کےتحت کی جائےگی اور  موجودہ پنشن نظام کو مکمل پیپرلیس سسٹم میں تبدیل کردیا جائےگا جب کہ  احساس پنشن ڈیش بورڈ کا اجراء بھی کیا جائےگا۔

سرکاری حکام کا بتانا ہے کہ ریٹائرمنٹ سے6 ماہ قبل پورٹل پرسادہ ڈیجیٹل فارم پرکرکے پنشن کیس داخل کیاجاسکےگا، دستاویزات محفوظ طریقے سے اسکین کرکے  پورٹل پر اپ لوڈ کی جاسکیں گی جس کے بعد سسٹم خودکار طریقےسے متعلقہ حکام کے لیے ٹائم باؤنڈ ٹاسکس تخلیق کردے گا۔

حکام کے مطابق پنشن ویری فکیشن اور منظوری کا عمل بھی ڈیجیٹل سسٹم کےذریعے مکمل کیا جائےگا،  تمام آرڈرز ڈیجیٹل دستخط شدہ ہوں گے جو قانونی طور پر قابل قبول ہوں گے،  یہ پیپرلیس نظام نادرا، اے جی آفس اور بینکس کےساتھ منسلک ہوگا۔

سرکاری حکام کا بتانا ہے کہ ای پینشن نظام سے مقررہ وقت میں پنشن ریٹائرڈ ملازم کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کردی جائےگی۔

اس موقع پر علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اب ریٹائرڈ ملازمین کو  پنشن کے لیے دفاتر کےچکر نہیں لگانا پڑیں گے،  یہ حقیقی پیپرلیس سسٹم ہوگا جس سے شفافیت اور جوابدہی کو فروغ ملےگا۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے میں اب تک 36 مختلف عوامی خدمات کو آن لائن کردیا گیا ہے۔ 



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *