
خیبرپختونخوا میں گرمی کی شدید لہر کی وجہ سے 8 مختلف مقامات پر جنگلات میں آگ لگ گئی، بعض علاقوں میں آگ پر مکمل قابو پا لیا گیا ہے جب کہ بعض علاقوں میں آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔
محکمہ جنگلات خیبرپختونخوا کی رپورٹ کے مطابق صوبے کے 8 مختلف علاقوں میں واقع جنگلات میں آگ لگی۔ ان علاقوں میں آلہ ڈھنڈ بٹ خیلہ فارسٹ رینج ، کالدرہ درگئی، بونیر ، باغ کنڈی چکدرہ ، اور اوسکی کے دشوار گزار پہاڑی علاقہ بھی شامل ہیں۔
ترجمان محکمہ جنگلات لطیف الرحمان کے مطابق پیٹو درہ تیمرگرہ، ادینزئی کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے جب کہ بعض جنگلات میں آگ پرقابوپانے کی کوششیں جاری ہیں۔ دشوارگزار پہاڑیوں کہ وجہ سے آگ بھجانے کے عمل میں مشکلات درپیش ہیں۔
ترجمان کے مطابق ریسکیو آپریشن میں محکمہ جنگلات، ریسکیو، سول ڈیفنس اور مقامی رضاکار حصہ لے رہے ہیں۔
ریسکیو اہلکاروں کو کولنگ کا عمل مکمل ہونے تک وہاں پر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
ترجمان کے مطابق پہاڑی سلسلے میں آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیاجا رہا ہے تاہم گرمی کی شدید لہرکی وجہ سے آگ لگنے کے واقعات رونما ہوئے ہیں، معمولی سی غفلت درختوں اور جنگلی حیات کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پہاڑی جنگلات کے علاقوں میں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی وجہ سے جھاڑیوں میں آگ جلد لگ جاتی ہے جس سے آگ پورے علاقے کو اپنی لیپٹ میں لے لیتی ہے۔
محمکہ جنگلات نے ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژن کے جنگلاتی پہاڑوں میں کمپیئنگ سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ جنگلات نے عوام سے جنگلات کے تحفظ میں حکومت کا ساتھ اور گرمیوں میں سیاحتی مقامات پرکھانا پکانے کے لیے جنگلات میں آگ لگانے سے گریز کی کی اپیل کی ہے ۔
Leave a Reply