[ad_1]
کیا جسمانی وزن میں کمی لانا چاہتے ہیں؟ تو ایسا بہت آسانی سے ممکن ہے۔
اس کے لیے روزانہ ایک جیسی غذا اور یکساں مقدار میں کیلوریز کے استعمال کو عادت بنالیں۔
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
اوریگن ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر آپ ایک ہی غذا اور یکساں کیلوریز کا استعمال یقینی بناتے ہیں تو اس سے جسمانی وزن میں زیادہ کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔
اس تحقیق میں زیادہ جسمانی وزن کے مالک 112 افراد کی غذائی عادات کے تفصیلی ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا جو ایک جسمانی وزن میں کمی لانے والے پروگرام کا حصہ بنے تھے۔
ان افراد سے کہا گیا تھا کہ وہ روزانہ اپنی خوراک کی تفصیلات ایک موبائل ایپ کے ذریعے ٹریک کریں اور روزانہ جسمانی وزن کو چیک کریں۔
محققین نے اس پروگرام کے اولین 12 ہفتوں کے ڈیٹا پر توجہ مرکوز کی کیونکہ اس عرصے میں تمام افراد کا عزم مضبوط ہوتا ہے اور وہ غذائی مقدار کو درست طریقے سے ٹریک کرتے ہیں۔
اس کے بعد محققین نے تجزیہ کیا کہ ہر فرد روزانہ کی بنیاد پر کونسی غذاؤں کا استعمال کرتا ہے اور کتنی کیلوریز کو جزوبدن بناتا ہے۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ روزانہ کی بنیاد پر ایک جیسی غذا کے استعمال سے جسمانی وزن میں اوسطاً 5.9 فیصد کمی آتی ہے جبکہ روزانہ مختلف غذاؤں کے استعمال سے جسمانی وزن میں 4.3 فیصد کمی آتی ہے۔
اسی طرح یکساں کیلوریز کے استعمال سے جسمانی وزن میں مزید کمی آتی ہے۔
محققین کے مطابق غذائی انتخاب کو سادہ بنانے جیسے ایک جیسی غذاؤں اور یکساں کیلوریز کے استعمال سے لوگوں کو جسمانی وزن میں کمی میں مستحکم انداز سے کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اگر آپ صحت کے لیے مفید غذاؤں کا انتخاب کرتے ہیں تو پھر تو روزانہ مختلف غذاؤں کا استعمال بہتر ہے، مگر موجودہ عہد میں بیشتر افراد الٹرا پراسیس غذاؤں کا استعمال کرتے ہیں تو تسلسل کو برقرار رکھنا بھی صحت کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ جسمانی وزن میں کمی لانا چاہتے ہیں تو غذائی تنوع سے زیادہ تسلسل کو برقرار رکھنا زیادہ مؤثر ثابت ہوسکتا ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل ہیلتھ سائیکولوجی میں شائع ہوئے۔
[ad_2]
Source link


























Leave a Reply