
راولپنڈی: جرگے کے حکم پر شادی شدہ خاتون کو قتل کرنے کے کیس میں عدالتی حکم پر مقتولہ کی قبر کشائی شروع کردی گئی۔
علاقہ مجسٹریٹ قمر عباس تارڑ کی نگرانی میں قبرکشائی شروع کی گئی ہے، اسپتال کی میڈیکل ٹیم کی سربراہی ڈاکٹرمصباح کررہی ہیں، پنجاب فرانزک لیبارٹری کی ٹیم بھی موقع پر موجود ہے۔
ذرائع کے مطابق مقتولہ کا موقع پر پوسٹ مارٹم کیا جائے گا،سیمپل فرانزک ٹیسٹ کے لیے بھیجا جائےگا، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں معلوم ہوگا مقتولہ کا قتل کیسے کیا گیا،پولیس نفری بھی قبر کشائی کے موقع پر موجود ہے۔
پولیس کے مطابق خاتون کے قتل کا حکم جرگے کے سربراہ عصمت اللہ نے دیا تھا جسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
عصمت اللہ نے مقتولہ کا جنازہ بھی خود ہی پڑھایا اور خاتون کے دوسرے شوہر عثمان نے بھی خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔
خاتون اور عثمان کا نکاح 12 جولائی کو مظفر آباد میں ہوا ، مقتولہ نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش ہو کر مرضی سے نکاح کا بیان بھی دیا تھا جب کہ مقتولہ نے یہ بھی بتایا تھا کہ پہلا شوہر اسے زبانی طلاق دے چکا ہے۔
عثمان کے والد نے بتایا کہ نکاح کے 4 دن بعد مسلح افراد نے دھمکیاں دیں پھر کہاکہ نکاح ہو گیا ہے تو لڑکی واپس کر دو ، اسے باضابطہ رخصت کريں گے، وہ لوگ لڑکی کو لے گئے ، پھر پتا چلا کہ اسے قتل کر دیا گیا ہے۔
Leave a Reply