بھارت کے معروف گلوکار اریجیت سنگھ نے پلے بیک سنگنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
اریجیت سنگھ نے اچانک پلے بیک سنگنگ سے کنارہ کشی کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے یہ اعلان اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک جذباتی پیغام کے ذریعے کیا، جس نے مداحوں کو حیران کر دیا۔
اپنے پیغام میں اریجیت سنگھ نے لکھا کہ ‘ہیلو، سب کو نیا سال مبارک ہو۔ میں ان تمام برسوں میں مداحوں کی جانب سے ملنے والی محبت پر شکر گزار ہوں’۔
اریجیت نے کہا کہ’ میں خوشی کے ساتھ یہ اعلان کر رہا ہوں کہ اب میں پلے بیک گلوکار کے طور پر کوئی نیا کام نہیں کروں گا،میں اسے یہیں ختم کر رہا ہوں، یہ ایک شاندار سفر رہا’۔
ان کے اس اعلان پر سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے شدید ردِعمل سامنے آیا۔
ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ ‘کہہ دو اکاؤنٹ ہیک ہو گیا ہے’، جبکہ ایک اور نے لکھا کہ ‘بالی وڈ موسیقی اریجیت کے بغیر خالی لگتی ہے’۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اریجیت سنگھ نے اپنے اس فیصلے کی وجوہات یا مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی۔
واضح رہے کہ اریجیت سنگھ نے بالی وڈ کو کئی یادگار اور روح کو چھو لینے والے گانے دیے۔
فلم عاشقی 2 کا گانا تم ہی ہو ان کی پہچان بنا۔ اس کے علاوہ چنّا میرےیا (اے دل ہے مشکل)، پھر بھی تم کو چاہوں گا (ہاف گرل فرینڈ) اور ہوائیں (جب ہیری میٹ سجل) بھی ان کے مشہور گانوں میں شامل ہیں۔
اریجیت نے 2 نیشنل فلم ایوارڈز جیتے جبکہ 2025 میں انہیں پدم شری سے بھی نوازا گیا۔


























Leave a Reply