بھارتی شہر کولکتہ میں آتشزدگی کے واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد 21 ہوگئی ہے۔
یہ واقعہ 26 جنوری کو علی الصبح پیش آیا تھا اور 28 افراد تاحال گمشدہ ہیں۔
کولکتہ کےعلاقے آنند پور میں 2 گوداموں میں آگ لگی تھی۔
مقامی فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق رات 3 بجے کے قریب ایک گودام میں آگ پھیلنا شروع ہوئی جو کہ بہت جلد پڑوس میں موجود گودام تک پہنچ گئی۔
جب فائر ٹینڈرز وہاں پہنچے تو دونوں گوداموں میں آگ بہت زیادہ پھیل چکی تھی۔
فائر فائٹرز نے 36 گھنٹے سے زائد وقت میں آگ پر قابو پایا جس دوران عمارت منہدم ہوگئی۔
دھویں، شدید حرارت اور ملبے کی وجہ سے ریسکیو کا کام مشکل ہوگیا تھا اور گوداموں کے اندر کام کرنے والے متعدد مزدور ہلاک ہوئے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں گوداموں میں آتشزدگی پر قابو پانے کے اقدامات نہ ہونے کے برابر تھے جبکہ خارجی دروازوں کو بند رکھا گیا تھا تاکہ چور اندر داخل نہ ہو سکیں، جس کی وجہ سے متعدد افراد ہلاک ہوئے۔
ایک گودام کے مالک کو غفلت کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ دوسرے گودام کی انتظامیہ نے ہلاک ہونے والے 3 افراد کے ورثا کو 10، 10 لاکھ بھارتی روپے معاوضہ دینے کا وعدہ کیا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ ان کے بچوں کی تعلیمی اخراجات ادا کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔
ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹنگ کی جا رہی ہے جبکہ گمشدہ افراد کی تلاش بھی جاری ہے۔


























Leave a Reply