سابق بھارتی کرکٹر روی چندرن ایشون کے بعد بھارت کے انٹرنیشنل امپائر انیل چوہدری نے بھی پاکستانی اسپنر عثمان طارق کا ایکشن درست قرار دے دیا۔
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اتوار کو پاک بھارت ٹاکرا ہونا ہے اور اس سے قبل جس چیز کی سب سے زیادہ بات کی جارہی ہے وہ پاکستانی اسپنر عثمان طارق کا ایکشن ہے۔
پاک بھارت ٹاکرے سے قبل بھارتیوں پر پاکستان کے اسپن اٹیک کا خوف طاری ہے، سوشل میڈیا ہو یا پھر مین اسٹریم میڈیا بھارتی پاکستانی اسپنر عثمان طارق کے ایکشن پر فضول میں سوال اٹھا رہے ہیں۔
عثمان طارق جن کا بولنگ ایکش عام اسپنرز سے تھوڑامختلف ضرور ہے پر وہ آئی سی سی کی جانب سے بالکل کیلئر ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ عثمان طارق نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں امریکا کے خلاف میچ کھیلا اور شاندار بولنگ کی۔
اپنے بولنگ ایکش کے دوران رکنے کی وجہ سے بھارتی عثمان طارق کو نشانہ بنا رہے ہیں، لیکن سابق بھارتی کرکٹر ایشون کے بعد اب بھارتی امپائر انیل چوہدری نے بھی پاکستانی اسپنر کےایکشن پر اٹھنے والے سوالات کا جواب دیا ہے ۔
البتہ ایشون نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اگر عثمان طارق بولنگ کے دوران رک رہے ہیں تو بیٹر کے پاس یہ حق ہے کہ وہ امپائر کو بولے کہ بولر رک رہا ہے۔ایسا ہوا تو امپائرز کیلئےمشکل ہوجائے گی۔
بھارتی امپائر انیل چوہدری نے بھارتی ڈیجیٹل شو میں عثمان طارق کے ایکشن کو درست قرار دیتےہوئے ان پر اٹھنے پر سوالات کےجواب دیے۔
انیل چوہدری نے کہا کہ عثمان طارق ہر گیند رک کر ہی کراتے ہیں، ان کا ایکشن ہی ایسا ہے، اس لیے یہ مسئلہ نہیں لیکن مسئلہ تب ہوگا جب عثمان اپنے ایکشن کو تبدیل کرتے ہوئے رکے بغیر گیند کرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر عثمان طارق روٹین ایکشن سے ہٹ کر بولنگ کریں گے تو ان کے لیے مسئلہ ہوسکتا ہے۔
انیل چوہدری نے ماضی میں اندرے رسل سمت دیگر کھلاڑیوں کی مثالیں دی جنہوں نے اپنے روٹین کے ایکشن سے ہٹ کر جب بھی بولنگ کی انہیں روکا گیا۔
انیل چوہدری نے کہا کہ کیوں کہ عثمان طارق ساری گیندیں ایک ہی ایکشن سے کراتےہیں، اس لیے کوئی پریشانی نہیں۔
میزبان نے انیل چوہدری سے سوال کیا کہ کیا عثمان طارق بہت زیادہ رک کر بولنگ کرائیں تو کیا بیٹر کچھ سوال اٹھا سکتا ہے؟
جس پر امپائر انیل چوہدری نے کہا کہ یہ بھی اسی روٹین ایکشن کے حساب سے دیکھا جائے گا، اگر عثمان کےایکشن میں واضح تبدیلی دیکھنے میں آئی تو بیٹرگیند کھیلنے سے انکار کرکے امپائر کو بول سکتا ہے۔
میزبان نے پھر سوال کیا کہ اگر بیٹر گیند کھیلنے سے منع کرے لیکن امپائر کو لگے کہ عثمان طارق روٹین ایکشن سے زیادہ رک کر گیند نہیں کرارہے تو کیا ہوگا ؟
جس پر انیل چوہدری نے کہا کہ اس صورت میں امپائر کی جانب سے بیٹر کو وقت ضائع کرنے کی وارننگ دی جائے گی۔
اس سے قبل ایشون نے بھی کہا تھا کہ بولنگ ایکشن کے لیگل ہونے کا پتہ صرف آئی سی سی کے ٹیسٹنگ سینٹر سے لگایا جا سکتا ہے لیکن آئی سی سی کے قوانین کے مطابق 15 ڈگری تک ایکشن لیگل ہے اور رہی بات بولنگ کراتے وقت رکنے کی تو میرے حساب سے یہ بالکل لیگل ہے۔


























Leave a Reply