انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی ) نے بنگلادیش کے خلاف دوسرے ون ڈے میں متنازع رن آؤٹ کے بعد ردعمل پر پاکستانی بیٹر سلمان علی آغا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا۔
آئی سی سی نے پاکستانی بیٹر سلمان علی آغا کو تنبیہ جاری کر دی۔
آئی سی سی کے مطابق سلمان علی آغا آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول ون کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ سلمان علی آغا نے بنگلا دیش کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں آرٹیکل 2.2 کی خلاف ورزی کی۔
آرٹیکل 2.2 انٹرنیشنل میچ کے دوران کرکٹ کے سامان، کپڑوں یا گراؤنڈ کے آلات کے ساتھ نامناسب رویے سے متعلق ہے۔
آئی سی سی نے کپتان سلمان علی آغا کے ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کر دیا۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ سلمان علی آغا نے اپنی غلطی کا اعتراف کر لیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈھاکا کے شیر بنگلا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے دوران بنگلا دیش کے کپتان مہدی حسن میراز نے آغا سلمان کو نان اسٹرائیکر اینڈ پر متنازع رن آؤٹ کردیا تھا جس پر پاکستانی بیٹر نے میدان سے باہر جاتے ہوئے شدید غصے کا اظہار کیا تھا۔
سابق پاکستانی کرکٹرز رمیز راجا اور حمد حفیظ نے بھی بنگلادیش کے کپتان کی اس حرکت کو اسپورٹس مین اسپرٹ کے منافی قرار دیا تھا اور اس عمل پر مہدی حسن کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔


























Leave a Reply