ڈھاکا: 3 میچز کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میں بنگلادیشی کپتان مہدی حسن نے اسپورٹس مین اسپرٹ کی دھجیاں اڑا دیں۔
ڈھاکا میں پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان دوسرے ون ڈے میں پاکستانی اننگز کے 39ویں اوور میں ایک منفرد واقعہ پیش آیا۔
اسپنر مہدی حسن کی گیند پر محمد رضوان نے دفاعی انداز میں سیدھا شاٹ کھیلا، اس دوران گیند بولر کی جانب گئی اور اس کے پاؤں سے ٹکرائی ، اس اثنا میں سلمان علی آغا جو نان اسٹرائیکر اینڈ پر کھڑے تھے، کریز سے باہر آچکے تھے۔
سلمان نے کریز سے باہر رہتے ہوئے ہی گیند اٹھاکر مہدی حسن کو و اپس دینے کی کوشش کی ، تاہم گیند مہدی حسن نے سلمان سے پہلے لپکی اور وکٹوں پر مار دی ، سلمان بدستور کریز سے باہر موجود تھے، تھرڈ امپائر سے رجو ع کیا گیا جنہوں نے سلمان آغا کو آؤٹ قرار دیا۔
پویلین لوٹتے ہوئے سلمان علی آغا نے شدید غصے کا اظہار کیا جس پر بنگلا دیشی وکٹ کیپر لٹن داس بھی ناراض دکھائی دیے لیکن محمد رضوان ، امپائر اور ساتھی کھلاڑیوں نے اُنہیں سمجھا بجھا کر اُن کا غصہ ٹھنڈا کیا۔
سوشل میڈیا پر اس متنازع رن آؤٹ کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی اور سابق کرکٹرز اور شائقین کرکٹ کی جانب سے بنگلادیشی کپتان پر تنقید کی گئی اور اسے اسپورٹس مین اسپرٹ کے خلاف قرار دیا۔
پاکستان اور بنگلادیش میچ کے دوران کمنٹری کرتے ہوئے سابق پاکستانی کرکٹر رمیز راجہ نے سلمان آغا کی متنازع آؤٹ ہونے کی صورتِ حال پر اظہارِ خیال کیا۔
رمیز راجہ نے کہا کہ تکنیکی قوانین کے مطابق وہ واقعی رن آؤٹ تھے، لیکن اسپورٹس مین شپ کے لحاظ سے مجھے افسوس ہے کہ انہیں بہت بڑا دھچکا لگا۔ وہ گیند اٹھا کر بولر کو واپس کرنے ہی والے تھے، مگر بولر نے رن آؤٹ کا موقع دیکھ لیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے بھی بنگلادیشی کپتان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
واضح رہے کہ دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 275 رنز کا دیا۔پاکستانی ٹیم بنگلادیش کے خلاف اننگز کے 48 ویں اوور میں 274 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔


























Leave a Reply