باڑہ سیاسی اتحاد نے تیراہ معاملے پر جرگے میں مطالبہ کیا ہے کہ وادی تیراہ میں فوری طور پر مکمل امن بحال کیا جائے۔
باڑہ سیاسی اتحاد کا تیراہ معاملے پر جرگہ ہوا جس میں عمائدین نے شرکت کی۔ باڑہ سیاسی اتحاد کے مطابق وادی تیراہ میں فوری طور پر مکمل امن بحال کیا جائے، متاثرین تیراہ کے مسائل کسی ایک علاقے یا قبیلے تک محدود نہیں، یہ اجتماعی قومی مسئلہ ہے جس کا حل مزید تاخیر کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
باڑہ سیاسی اتحاد کا کہنا ہے کہ تیراہ میں خوارج کی جانب سے فائرنگ، شیلنگ، گھروں پر مارٹر حملے فوری بند کیے جائیں، خوارج کی جانب سے کواڈ کاپٹر گرانے جیسے اقدامات کو بھی بند کیا جائے، یہ عمل عام شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے کا سبب بن رہے ہیں۔
باڑہ سیاسی اتحاد نے مطالبہ کیاکہ متاثرین سے کیے تمام وعدے اور معاہدے تحریری و عملی طور پر تسلیم کیے جائیں، متاثرینِ تیراہ کی رجسٹریشن کے عمل میں سیاسی مداخلت اور کرپشن کی تحقیقات کی جائیں، ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔
جرگے کا کہنا تھاکہ تیراہ میں گھر یا جائیداد رکھنے والوں کو آئی ڈی پیز اسٹیٹس دے کر رجسٹریشن کی جائے اور تمام متاثرین کو امدادی پیکج میں شامل کیا جائے۔
باڑہ سیاسی اتحاد کے مطابق اپرباڑہ اور باڑہ پلین ایریا میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہے، صورتحال کو ہنگامی بنیادوں پر کنٹرول کیا جائے، قیامِ امن کےلیے آج سے باڑہ میں امن تحریک کا آغاز ہوگا، باڑہ میں خوارج کی اغوا برائے تاوان، دھمکی آمیز کالز کے خاتمے کےلیے صوبائی حکومت ذمہ داری پوری کرے، باڑہ کے عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سیاسی اتحاد باڑہ متاثرینِ تیراہ کے ساتھ ہر فورم پر کھڑا رہنے کے عزم کرتا ہے اور متاثرینِ تیراہ کے حقوق کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر سابق چیئرمین باڑہ سیاسی اتحاد حاجی شیریں آفریدی نے کہا کہ ہم نے خوارج کے ساتھ 2 مرتبہ جرگہ کیا، اس کے بعد ہم نے جرگے کی ذمہ داری صوبائی حکومت اور تیراہ کے مشران کو سونپ دی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق جرگہ باڑہ میں تیراہ کے نمائندہ قبائلی عمائدین اور مشران کے مطالبے پر طلب کیا گیا تھا۔


























Leave a Reply