پاکستان کے مشہور رائٹر ناصر ادیب نے لیجنڈ اداکار شان شاہد کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
اداکار شان شاہد کی عید الفطر کے موقع پر ایک نئی پنجابی فلم ‘بھلا’ ریلیز ہونے کیلئے تیار ہے جس کی پروموشن کیلئے اداکار ان دنوں مصروف ہیں۔
فلم کی پروموشن کی ایک تقریب میں اداکار سے سوال کیا گیا کہ فلم کے رائٹر ناصر ادیب ساتھ موجود کیوں نہیں ہیں؟ اس پر اداکار نے طنزیہ جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ ‘وہ کہیں بیٹھ کر برائیاں کررہے ہوں گے۔’
سینئر اداکار کا یہ کلپ سوشل میڈیا پر کافی وائرل تھا جس پر ناصر ادیب نے فوری ردعمل تو نہیں دیا تھا تاہم حال ہی میں ناصر ادیب کا ویڈیو کلپ سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے شان شاہد کو آڑے ہاتھوں لیا۔
ناصر ادیب نے اداکار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شان صاحب کیا میں لوگوں کی برائیاں کرتا ہوں؟ میری پوڈ کاسٹ پچھلے 2 سالوں سے چل رہی ہے، میں ایک سوال کرتا ہوں کون سی بات ہے جو میں نے غلط کہی؟ کون سی بات ہے جو میں نے جھوٹ بولی؟ میں نے کس پر غلط الزام لگایا؟ میں نے کس کی کردار کشی کی؟
انہوں نے کہا کہ میں نے آپ سے متعلق ایک پروگرام کیا وہ دیکھیں! آپ کو یہ پتا ہونا چاہیے کہ اگر رائٹر نہیں ہے تو آپ کہاں کے ہیرو ہیں؟ بغیر رائٹر کے ہٹ ہوکر دکھائیں، جب آپ رائٹر کے بغیر کچھ نہیں تو آپ اس کے بارے میں کہتے ہیں کہ کہیں بیٹھ کر برائیاں کررہا ہوگا۔
ناصر ادیب کا کہنا تھا کہ میں نے ڈائریکٹر سے آپ کی مخالفت کی تھی، منع کیا تھا آپ کو فلم میں کاسٹ نہ کریں کیونکہ آپ وقت کی پابندی نہیں کرتے اور گھنٹوں انتظار کرواتے ہیں، اسکرپٹ پر اعتراض کرتے ہیں، اپنی مرضی کی تبدیلیاں کرواتے ہیں اور یہ ڈائریکٹر کو ڈائریکٹر نہیں سمجھتے، ان کی کوشش ہوتی ہے کہ خود ہی کیمرا پکڑ کر بیٹھ جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے ڈائریکٹر سے بولا کہ اگر مجھے گارنٹی دی جائے کہ اداکار اسکرپٹ پر اعتراض نہیں کریں گے تو میری طرف سے اجازت ہے کہ انہیں لے لیا جائے، میں نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ شاہ رخ خان سے بھی بڑا آرٹسٹ ہے۔
ناصر ادیب کا کہنا تھا کہ مسئلہ یہ ہے آپ میری پاکستانی فلم انڈسٹری کے دشمن ہیں، فلم انڈسٹری پر زوال کیوں آیا کبھی سوچا ہے؟ آپ زوال لے کر آئے ہیں، آپ کو فلمیں ملنا کیوں بند ہوگئی ہیں کیونکہ آپ سیٹ پر گھنٹوں تاخیر سے آتے تھے، اس کا میں خود بھی گواہ ہوں۔


























Leave a Reply