اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان امریکی امیگرنٹ ویزا کی پروسیسنگ سے متعلق امریکی حکام سے رابطے میں ہے اور امید ہے کہ امیگرنٹ ویزا کی معمول کی آن لائن پروسیسنگ جلد بحال ہو جائے گی۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ایران کی صورتحال سے متعلق پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، پاکستان صورتحال کے پرامن حل کے لیے تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور امید کرتا ہے کہ ایران میں امن و استحکام قائم رہے گا۔
پاکستان صورتحال کے پرامن حل کے لیے تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے: ترجمان
طاہر اندرابی نے کہا کہ ایران پاکستان کا ہمسایہ ملک اور عالمی برادری کا اہم رکن ہے لہٰذا پاکستان ایران کو ایک دوست اور برادر ملک کے طور پر پُرامن اور خوشحال دیکھنا چاہتا ہے، پاکستان اور ایران کے عوام کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور مذہبی روابط ہیں، پُرامن اور مستحکم ایران پاکستان کے مفاد میں ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران میں حالیہ احتجاجات عام شہریوں کو درپیش معاشی مشکلات کے باعث سامنے آئے ہیں مگر امید ہے ایرانی حکومت کے اعلان کردہ معاشی امدادی اقدامات عوامی مشکلات کم کریں گے، ایران ایک مضبوط اور باحوصلہ قوم ہے جس نے ماضی میں متعدد چیلنجز کا سامنا کیا ہے لہٰذا پاکستان کو ایرانی عوام اور قیادت کی دانشمندی پر مکمل اعتماد اور یقین ہے کہ ایرانی قوم ان چیلنجز پر قابو پا کر مزید مضبوط ہو کر اُبھرے گی۔
ایران میں پاکستانی شہریوں کی معاونت کے لیے تہران میں پاکستانی سفارتخانہ متحرک ہے:
ترجمان دفتر خارجہ
ترجمان دفترخارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان نے ایران سے متعلق جاری ٹریول ایڈوائزری کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستانی شہری ایران کے سفر کے دوران انتہائی احتیاط اور حفاظتی تدابیر اختیار کریں جب کہ ایران میں پاکستانی شہریوں کی معاونت کے لیے تہران میں پاکستانی سفارتخانہ متحرک ہے، پاکستانی سفیر اور ان کی ٹیم شہریوں کی سلامتی کے لیے بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔
امریکی امیگرنٹ ویزا کی معمول کی آن لائن پروسیسنگ جلد بحال ہو جائے گی: ترجمان
امیگرنٹ ویزا کی معطلی سے متعلق ترجمان نے کہا کہ پاکستان امریکی امیگرنٹ ویزا کی پروسیسنگ سے متعلق امریکی حکام سے رابطے میں ہے، امیگرنٹ ویزا کی معمول کی آن لائن پروسیسنگ جلد بحال ہو جائے گی، پاکستان کامؤقف ہے کہ یہ امریکی امیگریشن پالیسیوں کا اندرونی جائزہ عمل ہے۔
بھارتی آرمی چیف کے الزامات کی سختی سے تردید
اس کے علاوہ ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی آرمی چیف کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے دہشتگردی کےالزامات سیاسی مقاصد کے لیے گھڑی گئی من گھڑت کہانی ہیں، پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف قربانیاں عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہیں، پاکستان کے خلاف بھارتی الزامات خود بھارت کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
ترجمان نے یہ بھی کہا کہ افغانستان سمیت خطے میں بھارت کے حمایت یافتہ دہشتگرد نیٹ ورکس کی نشاندہی کی گئی ہے، بھارت کی جانب سے ماورائے عدالت قتل اور ریاستی سرپرستی میں دہشتگردی کی مثالیں ریکارڈ پر ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارت کو اشتعال انگیز بیانات سے باز رہنے کا مشورہ دیا ہے اور بھارت میں بڑھتا ہوا انتہاپسندانہ اور مذہبی بنیادوں پر تشدد خطے کے لیے خطرہ قرار دیا گیا ہے۔























Leave a Reply