اعجاز چوہدری کی سینیٹ نشست پر ضمنی الیکشن عدالتی فیصلے سے مشروط


پنجاب: اعجاز چوہدری کی سینیٹ نشست پر ضمنی الیکشن عدالتی فیصلے سے مشروط

الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین 15 دنوں میں تحریری جواب داخل کرائیں: لاہور ہائیکورٹ/ فائل فوٹو

لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں سینیٹ کی نشست پر ضمنی الیکشن درخواست کے حتمی فیصلے سے مشروط کردیا۔ 

درخواست پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری نے دائر کی تھی جس میں سینیٹ کے انتخاب روکنے کی استدعا کی گئی تھی۔ 

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن نے اعجاز چوہدری کو 28 جولائی کو ڈی نوٹی فائی کیا تاہم چیئرمین سینیٹ کی جانب سے ڈی نوٹیفائی کرنے کےلیے درخواست ارسال نہیں کی گئی۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ پشاور ہائیکورٹ شبلی فراز اور عمر ایوب کی درخواست پر الیکشن روکنے کا حکم دے چکی ہے، الیکشن کمیشن نے سیلابی صورتحال کے باعث ملک بھر میں ضمنی انتخابات روک دیے ہیں مگر سیلابی صورت حال میں سینیٹ کے انتخابات کی پولنگ نہیں روکی جا رہی۔ 

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس احمد ندیم ارشد نے پی ٹی آئی رہنما اعجازچوہدری کی درخواست پر 2 صفحات کا فیصلہ جاری کیا۔ 

لاہور ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ درخواست میں اہم نکات اٹھائے گئے، الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین 15 دنوں میں تحریری جواب داخل کرائیں۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے سینیٹ کی نشست پر منتخب اعجاز چوہدری کو الیکشن کمیشن نے 9 مئی مقدمے میں ملنے والی سزا کے بعد سینیٹ کی نشست سے نااہل کردیا تھا۔ 

اعجاز چوہدری کی اس نشست پر ہونے والے الیکشن میں (ن) لیگ کے رانا ثنااللہ امیدوار ہیں۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *