اسرائیل نے امدادی سامان کی غزہ آمد پھر روک دی، بڑھتی سردی میں فلسطینی گیلے خیموں میں رہنے پر مجبور


اسرائیل نے امدادی سامان کی غزہ آمد پھر روک دی، بڑھتی سردی میں فلسطینی گیلے خیموں میں رہنے پر مجبور

فوٹو:ترک میڈیا 

غزہ میں موسم سرما کی پہلی بارش کے بعد فلسطینیوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا، پناہ گزینوں کے ہزاروں خیمے ڈوب گئے،  لاکھوں بے گھر فلسطینی کھلے آسمان تلے امداد کے منتظر ہیں۔

اسرائیل نے خیمے اور دیگر امدادی سامان کی غزہ آمد پھر روک دی  جس کی وجہ سے بڑھتی سردی اور بارش کی وجہ سے  فلسطینی گیلے خیموں میں رہنے پر مجبور ہیں۔

غزہ میں بارش کے پانی کو روکنے کا کوئی بندوبست بھی نہیں ۔ فلسطینیوں نے خیموں کو پانی سے بچانے کے لیےآس پاس گڑھے کھودنا شروع کردیے ۔ 

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے فلسطینی پناہ گزین انروا (UNRWA) کے مطابق 13 لاکھ فلسطینیوں کی مدد کا سامان موجود ہے ، جو اسرائیل نے روک رکھا ہے ۔ 

انروا کے سربراہ کے مطابق سخت سردی اور بارش میں امداد کی فراہمی پہلے سے زیادہ ضروری ہوگئی ہے۔

اس کے علاوہ تباہ شدہ عمارتوں میں پناہ لیے فلسطینیوں کو ان عمارتوں کے منہدم ہونے کا خطرہ بھی لاحق ہے۔

دوسری جانب اسرائیل کی غزہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں بھی جاری  ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق جنوبی غزہ میں خان یونس میں اسرائیلی بمباری سے 3  فلسطینی شہید ہوگئے۔

 رواں سال 10 اکتوبر کو جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد سے اب تک اسرائیلی فورسز 274 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کرچکی ہیں جبکہ  1500 عمارتوں کو بھی تباہ کیا جاچکا ہے ۔

علاوہ ازیں غزہ شہر کے زیتون علاقے میں ایک مغوی کی لاش کی تلاش کے لیے ریڈ کراس اور القسام بریگیڈز کی ٹیموں نے کوششیں دوبارہ شروع کردیں۔

اسرائیل نے مزید 15 فلسطینیوں کی میتیں فلسطین کے حوالے کر دیں،اب تک 330 میتیں حوالے کی جاچکی ہیں۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *