
کراچی کے مقامی ہوٹل میں لائف اسٹائل جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام معروف اداکار ہمایوں سعید کی 52 ویں سالگرہ کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
اس تقریب میں شوبز انڈسٹری کی کئی نامور شخصیات نے شرکت کی جن میں لیجنڈری فنکار مصطفیٰ قریشی، بہروز سبزواری، عدنان صدیقی، شکیل صدیقی، سونیا حسین، عمر عالم، انعم تنویر اور دیگر فلم و ٹی وی اسٹارز شامل تھے.
تقریب میں فنکاروں نے ہمایوں سعید کے لیے تعریفی کلمات بھی ادا کیے۔
اس موقع پر اداکار بہروز سبزواری نےکہا کہ ہمایوں سعید ایک اچھے فنکار کے ساتھ ایک بہت ہی اچھے انسان ہیں اور انہوں نے آج تک ان سےکسی کی برائی نہیں سنی۔
لالی وڈ کی شہرہ آفاق فلم ’’مولا جٹ‘‘ میں نوری نت کا کردار ادا کرنے والے لیجنڈری اداکار مصطفیٰ قریشی نے کہا کہ اداکار تو سب ہی اسکرین پر اداکاری کرتے ہیں، مگر ہمایوں کی خاص بات یہ ہےکہ وہ ہمیشہ نیچرل اور حقیقت کے قریب نظر آتے ہیں۔
علاوہ ازیں ہمایوں سعید کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ان کے مختلف ڈراموں اور فلموں کے مناظر پر مبنی شو ریل بھی دکھائی گئی۔
واضح رہے کہ کراچی میں لائف اسٹائل جرنلسٹ ایسوسی ایشن حال ہی میں قائم کی گئی ہے جس کا مقصد فنکاروں اور صحافیوں کے درمیان فاصلوں کو کم کرنا جب کہ شوبز کور کرنے والے صحافیوں کے مسائل کو حل کرنا ہے۔
Leave a Reply