
واٹس ایپ میں ایسے متعدد فیچرز ہیں جو آپ کو اپنے پیاروں، دوستوں یا دفتری ساتھیوں سے جڑنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
مگر لاتعداد گروپ چیٹس، چینلز اور کمیونٹیز کا حصہ بننے کے بعد تمام میسجز کو غور سے پڑھنا بہت مشکل ہو جاتا ہے جس کے باعث کئی بار اہم پیغامات پڑھنے سے رہ جاتے ہیں۔
اس مسئلے کا حل میٹا کی جانب سے ایک نئے فیچر کی شکل میں پیش کیا جا رہا ہے۔
WABetaInfo کی ایک رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے ایک نئے ٹول پر کام کیا جا رہا ہے جو میسجز کی سمری فراہم کرے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ میٹا اے آئی کو استعمال کرکے واٹس ایپ کی جانب سے گروپس، چینلز اور ون آن ون چیٹ میسجز کی پرائیویٹ سمری فراہم کی جائے گی۔
اس فیچر کا مقصد صارفین کو مدد فراہم کرنا ہے تاکہ ان کا وقت متعدد پیغامات پڑھنے کے باعث ضائع نہ ہو۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس فیچر کی آزمائش ابھی واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے بیٹا (beta) ورژن میں کی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ فیچر اس وقت نظر آئے گا جب کسی صارف کو مخصوص تعداد میں نئے میسجز موصول ہوں گے۔
اس وقت ایک آپشن ان ریڈ (unread) میسجز کے اوپر نظر آئے گا جس پر کلک کرنے پر میسجز کی سمری تیار ہو جائے گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ کمپنی کی جانب سے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ آپ کے پیغامات بدستور اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ رہیں، میٹا، واٹس ایپ یا کسی تھرڈ پارٹی کو ان تک رسائی حاصل نہ ہوسکے۔
ابھی اس فیچر کے بارے میں کافی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں جیسے یہ واضح نہیں کہ چیٹ سمری کو اسی چیٹ کے یوزر انٹرفیس میں ڈسپلے کیا جائے گا یا الگ میٹا اے آئی چیٹ اوپن ہوگی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ فیچر ان چیٹس پر کام نہیں کرے گا جن میں ایڈوانسڈ چیٹ پرائیویسی کو ان ایبل کیا جائے گا۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ ابھی اس فیچر پر بیٹا ورژن میں کام کیا جا رہا ہے تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ اسے کب تک تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جاسکتا ہے۔
Leave a Reply