
امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ کا کہنا ہے بھارت نے مسلسل تیسری رات حملہ کیا ہے، بھارت کو یہ سوچنا بھی نہیں چاہیے کہ پاکستان اس کی جارحیت پر خاموش رہے گا۔
امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ بھارت نے تیسری رات لگاتار حملہ کیا ہے، بھارت نے کرکٹ اسٹیڈیم پر حملہ کیا، کرکٹ اسٹیڈیم میں کیا دہشتگرد ہوتے ہیں؟
ان کا کہنا تھا بھارت کا ماضی دیکھیں، جو نیپال اور سری لنکا میں ہوا سب کو معلوم ہے، بھارت کو ایسا سوچنا ہی نہیں چاہیے کہ پاکستان خاموش رہےگا۔
گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی ایک بیان میں کہا تھا کہ بھارت نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کو نشانہ بنانے کی انتہائی غیر ذمہ دارانہ حرکت کی، بھارت نے واضح طور پر پی ایس ایل میں خلل ڈالنے کے لیے ایسی حرکت کی ہے۔
ان کا کہنا تھا غیر ملکی کھلاڑی ہمارے مہمان ہیں، کھلاڑیوں کا ذہنی سکون اولین ترجیح ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارت کی جانب سے راولپنڈی سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں 31 ڈرون بھیجے گئے، راولپنڈی میں بھیجے گئے 3 ڈرونز میں سے ایک پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کے قریب تباہ ہوا۔
بھارتی ڈرون حملوں کے بعد پی سی بی نے پی ایس ایل انتظامیہ اور فرنچائز مالکان کا ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں پی ایس ایل کے باقی میچز کو پاکستان سے متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیان شب آزاد کمشیر اور پاکستان کے مختلف علاقوں میں 5 مقامات پر حملے کیے گئے تھے جس میں 50 کے قریب پاکستانی شہید اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔ پاکستانی فورسز نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے 3 جدید ترین رافیل طیاروں سمیت 5 بھارتی جنگی طیارے اور 2 ڈرون تباہ کیے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ہیڈ کوارٹر سمیت کئی فوجی چیک پوسٹوں کو بھی تباہ کیا۔
گزشتہ روز وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بتایا کہ بھارتی جارحیت پر پاکستان کی جوابی دفاعی کارروائی میں 40 سے 50 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے۔ ان کا کہنا تھا بزدل بھارت نے سول آبادی کو نشانہ بنایا جبکہ پاکستان نے بھارتی فوجی چیک پوسٹوں کو ٹارگٹ کیا۔
Leave a Reply