
ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے مقبولیت پانے والے پاکستان کے نامور پاپ سنگر حسن رحیم نے بھارت کے بزدلانہ حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے بچے کی شہادت پر بھارت میں منائی گئی خوشی پر بھارتیوں کو کھری کھری سنا دی۔
بھارتی فوج نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے علاقوں کوٹلی، مظفر آباد اور باغ کے علاوہ مریدکے اور احمد پور شرقیہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا جس میں 2 مساجد بھی شہید ہوئی تھیں۔
بھارت کے حملوں کے نتیجے میں جہاں 2 بچوں سمیت 26 پاکستانی شہید اور 46 افراد زخمی ہوئے تھے وہیں بھارتی جارحیت میں پاک فوج کےلیفٹیننٹ کرنل ظہیرکا 7سالہ بیٹا ارتضیٰ عباس شہید ہوگیا تھا۔
پاپ سنگر حسن رحیم اس واقعے کے بعد بھارتی ردعمل دیکھ کر تلملا کر رہ گئے اور ویڈیو پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بھارتیوں کو کھری کھری سنا دیں۔
شیئر کی گئی ویڈیو میں حسن رحیم کا کہنا تھا ’میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ مسئلہ یہ نہیں کہ پاکستان پہلگام واقعے میں قصوروار ہے یا نہیں کیونکہ جب بھارت کے پاکستان پر لگائے گئے الزام کا ثبوت مانگا گیا تو وہ نہیں ملا، گھروں میں بیٹھ کر کسی الزام کو ثابت کرنا آپ کے یا ہمارے بس کی بات ہی نہیں‘۔
حسن رحیم کا کہنا تھا کہ ’مسئلہ یہ ہے کہ بھارت کے حملے میں ایک بچہ شہید ہوا جس پر میں نے بھارتی قوم کا ردعمل دیکھاکہ آپ کی آدھی سے زیادہ عوام کی خوشی منا رہی ہے‘۔
پاپ سنگر نے بھارتیوں کو پہلگام حملے پر پاکستانیوں کا ردعمل یاد دلاتے ہوئے مزید کہا کہ ’اس کے برعکس جب بھارت میں پہلگام حملہ ہوا تو ہر پاکستانی نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے دہشتگرد واقعہ قرار دیا تھا اور بتایا تھا کہ پاکستان کا اس حملے سے کوئی تعلق نہیں ہے‘ ۔
Leave a Reply