
ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 10 کے بارش سے متاثرہ میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر 2 اہم پوائنٹس حاصل کرلیے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل 10کے 24 ویں میچ میں کراچی کنگز نےلاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
لاہور قلندرز نے 7.5 اوورز میں ایک وکٹ پر 90رنز بنائے تھےکہ ہلکی بارش شروع ہوگئی جس کے سبب میچ کو روکنا پڑا اور میچ بارش کےسبب فی اننگز 15 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔
لاہور قلندرز نے مقررہ15 اوورز میں 8 وکٹ پر 160رنز بنائے تھے، ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت ہدف میں تبدیلی کی گئی اور کراچی کو 168 رنز کا ہدف ملا۔
لاہور کی جانب سے محمد نعیم نے 65 اور فخر زمان نے 51 رنز بنائے۔کراچی کنگز کی جانب سے عباس آفریدی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کا 168 رنز کا ہدف 15 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر با آسانی حاصل کرلیا۔
ڈیوڈ وارنر اور ٹم سائفرٹ نے 24،24 رنز اسکور کیے، سعد بیگ نے 25، خوشدل شاہ نے 9 اور محمد نبی نے 15 رنز بنائے۔
اختتامی اوورز میں عرفان خان نیازی نے 21 گیندوں پر 48 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر کراچی کو میچ جتوا دیا۔ان کی برق رفتار اننگز میں 5 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔
پی ایس ایل 10 کے پوائنٹس ٹیبل کی بات کریں تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 8 میچز کھیل کر 11 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی 8 میچز کھیلے ہیں، اور وہ 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن کراچی کنگز کی ہے جس نے 8 میچز میں 5 میں کامیابی کے بعد 10 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔
9 میچز کھیل کر 9 پوائنٹس حاصل کرنے والی ٹیم لاہور قلندرز کی چوتھی پوزیشن ہے، جب کہ 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچواں نمبر پشاور زلمی کا ہے۔
ٹیبل پر آخری نمبر ملتان سلطانز کی ٹیم کا ہے جو اب ٹرافی جیتنے کی ریس سے باہر ہوچکی ہے۔
Leave a Reply